پلوامہ (سید عادل مشتاق) : حزب اختلاف جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سے وابستہ رکن اسمبلی وحید پرہ نے حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کو تنقید کر نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سات ماہ کے دوران جموں کشمیر میں کوئی بھی ترقیاتی کام انجام نہیں دیا گیا کیونکہ کانسٹیچونسی ڈیولپمنٹ فنڈ (سی ڈی ایف) ابھی تک ریلیز نہیں ہوا۔
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ارگی چیک علاقے میں جلسہ عام کے حاشیہ پر وحید پرہ نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔‘‘ وحید پرہ کے مطابق ’’اس حکومت کے سات ماہ مکمل ہو چکے ہیں، ایک بھی محلے یا گاؤں میں نیا ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا گیا، گلی کوچوں حتی کہ نالیوں تک کی بھی مرمت نہیں ہو پا رہی ہے، کیونکہ ابھی تک حکومت سی ڈی ایف ریلیز کرنے میں ناکام رہی ہے۔‘‘
وحید پرہ کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کے ساتھ ساتھ این سی حکومت کے خود کے 50ایم ایل ایز بھی فنڈس کی عدم دستیابی کی وجہ سے تعمیر و ترقی کے کام انجام دینے سے قاصر ہیں۔ قبل ازیں ارگی چیک دورے کے دوران مقامی باشندوں نے علاقے کے مسائل سے ایم ایل اے وحید پرہ کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے عوامی مسائل حل کرنے کی انہیں یقین دہانی کرائی۔
وزیر داخلہ امیت شاہ کے جموں و کشمیر کے دورے پر پرہ نے کہا کہ ’’ہمیں امید ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں - جو مختلف جیلوں میں بند ہیں - کو رہا کرنے کی ہدایت دیں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ گزشتہ روز یو ٹی کے دورے پر گزشتہ روز جموں پہنچے اور راج بھون میں امرناتھ یاترا سیکورٹی کے حوالہ سے جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔

یہ بھی پڑھیں: