اننت ناگ : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سینئر رہنما التجا مفتی نے نیشنل کانفرنس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے باوجود وہ عوامی توقعات پر پورا نہیں اتری۔بیجبہاڑہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے التجا مفتی نے کہاکہ "بدقسمتی سے نیشنل کانفرنس کو عوام کے بجائے اپنا اقتدار زیادہ عزیز ہے۔ عوام نے پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا، لیکن وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔"
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سینئر رہنما التجا مفتی نے آج بیجبہاڑہ، اننت ناگ میں ایک ہمہ گیر رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا، جس کا مقصد جنوبی کشمیر میں پارٹی کی جڑوں کو مزید مضبوط کرنا اور عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کرنا ہے۔
اس موقع پر التجا مفتی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے چناب ریل پل اور وندے بھارت ایکسپریس کے افتتاح کو خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا، "یہ ایک ایسا قدم ہے جس کی ہمیں تعریف کرنی چاہیے۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی ہمیشہ خوش آئند ہے، لیکن یہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق، وقار اور جمہوری عمل کی بحالی کے ساتھ ہونی چاہیے۔"
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر: التجا نے سیاسی مخالفین کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مہم شروع کی - ILTIJA KICKSTARTS CAMPAIGN
انہوں نے نیشنل کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے کے باوجود وہ عوامی امنگوں پر پورا نہیں اتری۔ التجا مفتی نے نوجوانوں کو سیاسی عمل میں شرکت کی ترغیب دی اور کہا کہ کشمیر کے مستقبل کی تشکیل شمولیتی سیاست، بات چیت اور ترقی سے جڑی ہے۔ تقریب کا اختتام پارٹی کارکنان کے اس عزم کے ساتھ ہوا کہ وہ جموں و کشمیر میں جمہوریت، امن اور ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔