سرینگر: پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد وادی کشمیر میں ہوٹلوں کے مالکان نے کہا ہے کہ وہ ایسے سیاحوں کو ہر طرح کی مدد فراہم کریں گے جو پہلگام سے سرینگر پہنچ رہے ہیں۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگام کی وادی بائیسرن میں منگل کی دوپہر سیاحوں پر دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے جس کے بعد سیاحوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حملے میں درجنوں سیاحوں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر چہ حکام نے کہا ہے کہ سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں تاہم بہت سے لوگ سیاحتی مقامات چھوڑ کر سرینگر واپس جا رہے ہیں۔
سیاحوں کا ایک گروپ، جو مہاراشٹر سے یہاں ایک ہفتہ کے طویل سفر پر آیا تھا، نے کہا کہ وہ سرینگر واپس آرہے ہیں۔ ’’آج رات ہم پہلگام میں رات کے قیام کا لطف اٹھانے کے لیے ٹھہرے ہوئے تھے۔ اس حملے نے ہمیں خوفزدہ کر دیا ہے اور ہم سری نگر کی طرف بڑھ رہے ہیں‘‘
سرینگر شہر میں ہوٹل والوں نے اعلان کیا کہ وہ مصیبت میں گھرے سیاحوں کو ہر طرح کی مدد فراہم کر رہے ہیں۔
کشمیر ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر، گوہر مقبول نے بتایا کہ ’’مجھے اطلاع ملی ہے کہ سیاحوں کی ایک اچھی تعداد پہلگام سے سرینگر کی طرف آنا شروع ہو گئی ہے۔ میں اپنے تمام ممبران سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ان کی ہر ممکن مدد کریں۔ یہ ہم سب کے لیے آزمائش کا وقت ہے۔ آئیے انسانیت کے عظیم مقصد کے لیے اپنی وابستگی کو ثابت کریں۔‘‘
ہاؤس بوٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین منظور پختون نے کہا کہ سیاحت کے اسٹیک ہولڈرز دکھ کی اس گھڑی میں سیاحوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔
پختون نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا: ’’ہم ہمیشہ مصیبت کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ہم سیاحوں کو ہر طرح کی مدد فراہم کریں گے۔ انہیں رہائش وغیرہ کی شکل میں جو بھی ضرورت ہو گی، ہم ان کی مدد کریں گے۔ ہماری برادری اس صورتحال میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے تیار ہے۔‘‘
ایک تجربہ کار ٹور آپریٹر رؤف ترمبو نے کہا کہ اس حملے نے سیاحت کی صنعت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سیاح پہلگام سے سرینگر واپس آ رہے ہیں اورٹورِزم صنعت کے اسٹیک ہولڈرز انہیں ہر طرح کی مدد فراہم کر رہے ہیں۔
اس چونکا دینے والے حملے کے درمیان، تمام ٹور آپریٹرز نے سیاحوں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترمبو نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا: ’’ہم سیاحوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں اور پوری صنعت ان کے ساتھ ہے۔ اس پریشان کن صورتحال میں انہیں جس چیز کی بھی ضرورت ہے، ہم ان کے لیے حاضر ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھیں:
پہلگام میں حملہ، شاہراہ بند: سیاح محصور، سیاحتی صنعت دہل گئی
پہلگام حملہ: وزیر اعظم کا وزیر داخلہ سے ٹیلیفونک رابطہ، امیت شاہ کا دورہ کشمیر متوقع
پہلگام میں نہتے سیاحوں پر گولیوں کی بوچھار، 20 سے زیادہ اموات کا خدشہ، 20 زخمی