ETV Bharat / jammu-and-kashmir
فوج میں سیلکٹ ہوئے ڈیڑھ لاکھ نوجوان ہنوز جوائننگ لیٹرز کے منتظر:کانگریس ترجمان
Congress Black Paper against Modi govt کانگریس کی جانب سے آج مودی حکومت کے خلاف 'بلیک پیپر' جاری کرتے ہوئے بیروزگاری کے علاوہ مختلف مسائل پر سوال اٹھائے گئے۔ اس دوران کانگریس صدر نے دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران مودی دور کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

Published : February 8, 2024 at 6:48 PM IST
سرینگر: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان اجے اوپادھیائے کا کہنا ہے کہ ملک میں سال 2019 سے 2021 تک ڈیڑھ لاکھ نوجوان فوج میں سیلکٹ ہوئے لیکن وہ ہنوز جوائننگ لیٹرز کا انتظار کر رہے ہیں۔
ان کا الزام تھا کہ ملک کی موجودہ حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم نہ کرکے ایک جرم کا مرتکب ہو رہی ہے۔موصوف ترجمان نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو سرینگر کانگریس ہیڈکوارٹر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'کانگریس پارٹی کا مانناق ہے کہ بی جے پی سرکار ملک کے نوجوانوں کو روزگار نہ دے ایک جرم کا ارتکاب کر رہی ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ملک میں سال 2019 سے 2021 تک فوج میں ڈیڑھ لاکھ نوجوان فوج میں سیلکٹ ہوئے لیکن وہ ابھی بھی جوائننگ لیٹرز کا انتظار کر رہے ہیں اور سرکار اس کی وجہ اگنیویر یوجنا بتا رہی ہے'۔
ڈاکٹر اوپادھیائے نے کہا کہ 'ایک طرف موجودہ مرکزی سرکار نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیں کر رہی ہے اور دوسری طرف لگ بھگ چار کروڑ بے روز گار نوجووان سڑکوں پر گھوم رہے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ اب جو فوج میں سیلکٹ ہوئے ہیں ان کو بھی جو جوائن کرنے کے لئے آرڈر نہیں مل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اگنی پت یوجنا سے لوگ مایوس ہیں یہاں کسی نوجوان کا مستقبل محفوظ ہے نہ فوجی جوان کا'۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ کانگریس کمیٹی نوجوانوں کو انصاف فراہم کرنے کے لئے قومی سطح پر ایک وسیع پیمانے کی مہم شروع کرنے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی جی جو بھارت جوڑو نیائے یاترا چلا رہے ہیں اسی کے تحت نوجوانوں کو انصاف اور حقوق دلانے کے لئے بھی ایک یاترا شروع کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لئے یہ مہم تین مرحلوں پر مشتمل ہوگی اور پہلا مرحلہ 28 فروری تک ہوگا۔
اجے اوپادھیائے نے کہا کہ پہلے مرحلے کے تحت سکیورٹی فورسز کے اہلخانہ کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا، تاکہ ان کے حقوق کے لئے لڑا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کم سے کم 30 لاکھ ایسے خاندان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسرا مرحلہ ستیہ گرہ کا ہوگا جو 5 مارچ سے 10 مارچ تک ہوگا اور اس کے تحت ان خاندانوں تک پہنچا جائے گا، جن کے نوجوان فوج میں بھرتی ہونا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں ملک کے ہر شہر اور ہر ضلع میں دھرنا دیا جائے گا، تاکہ نوجوانوں کی بات کو سرکار تک پہنچایا جا سکے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ تیسرے مرحلہ نیائے یاترا ہوگا جو ایک پد یاترا ہوگی، جس میں ہر شہر میں 50 کلو میٹر کی پد یاترا کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ مرحلہ 17 مارچ سے شروع ہو کر 20 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی نوجوانوں کے حق کے لئے لڑے گی۔
مزید پڑھیں: کانگریس نے مودی حکومت کے خلاف بلیک پیپر جاری کردیا
ڈاکٹر اوپادھیائے نے کہا کہ ہماری سرکار سے مانگ ہے کہ فوج میں سیلکٹ ہوئے ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو جوائننگ لیٹرز فرام کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ 'یو پی اے سرکار کے دوران ملک میں بے روزگاری کی شرح صرف 2.2 فیصد تھی جو کافی بڑھ گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مختلف محکموں میں 30 لاکھ اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جن کو پُر نہیں کیا جا رہا ہے۔
(یو این آئی)

