بڈگام: اینٹی کرپشن بیورو (ACB) کی چارج شیٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے آج بڈگام میں واقع اپنے آبائی رہائشی گھر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے مختلف سمتوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ مجھے کمزور کیا جائے، لیکن میں اس وقت تک نہیں جھکوں گا جب تک جموں و کشمیر کی عزت و وقار کو بحال نہیں کر دیا جاتا۔''
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ سب سازشیں اس لیے کی جا رہی ہیں کہ آغا روح اللہ اُن کے سامنے جھک جائے، مگر میں اپنے موقف پر قائم ہوں اور ان سازشوں سے میری حوصلہ شکنی کے بجائے میرے ارادے مزید مضبوط ہوں گے۔ میں اپنے عوام سے کیے گئے وعدوں پر ثابت قدمی سے قائم ہوں اور ان وعدوں کی تکمیل کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: اراضی معاوضہ معاملہ: رکن پارلیمنٹ روح اللہ مہدی اور ان کے قریبی رشتہ داروں کے خلاف چارج شیٹ داخل
رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ’’پہلے دن سے مجھے اس پورے معاملے پر اعتماد نہیں تھا اور اب وہ وقت گزر چکا ہے جب ہمیں ریاستی درجہ یا دیگر حقوق کے لیے کسی سے بھیک مانگنی پڑے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر اُس سازش کو بے نقاب کریں گے جس کا مقصد جموں و کشمیر کے عوام کی آواز کو دبانا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’’ہماری جدوجہد جموں و کشمیر کے آئینی، جمہوری اور انسانی حقوق کی بحالی کے لیے ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔‘‘
واضح رہے کہ حال ہی میں آغا سید روح اللہ مہدی کو اے سی بی کی جانب سے اراضی معاوضہ معاملے میں خرد برد کرنے کے الزام میں ان پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں جس کی وہ مکمل طور پر تردید کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: وقف بل مسلمانوں کے حقوق پر حملہ، مسلم اداروں کو کمزور کرنے کی سازش: آغا روح اللہ
سچ بولنے کی سزا! ایم پی روح اللہ نے عرفان معراج کی رہائی کا کیا مطالبہ
ممبر پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے دہلی میں میرواعظ عمر فاروق سے ملاقات کی