سرینگر (پرویز الدین) : نیشنل کانفرنس (این سی) کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے سراغ رساں ادارے ’را‘ کے سابق چیف اے ایس دُلت کی کتاب کو ’’سستی شہرت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا: ’’اے ایس دُلت کی کتاب کی بڑے پیمانے پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے اس میں دروغ گوئی سے کام لیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’دلی میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کے لیے بیٹھا رہتا ہے۔‘‘ تنویر صادق نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
تنویر صادق نے اے ایس دُلت کی کتاب کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کا مقصد یہی تھا کہ کسی طرح اس میں جھوٹ لکھ کر لوگوں میں کتاب خریدنے کی دلچسپی پیدا کی جائے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ’’جہاں تک اپوزیشن کا تعلق ہے تو ہم پی ڈی پی سے یہی سوال کرتے ہیں کہ جو دلت کی پہلی کتاب ہے اس میں وہ لکھتے ہیں کہ پی ڈی پی ایل کے اڈوانی، اجیت ڈوبھال اور دیگر ایجنسیز کی پیداوار ہے تو کیا یہ سچ ہے؟‘‘
تنویر صادق نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ بہت سی باتیں مرحوم مفتی محمد سعید کے بارے میں لکھی گئی ہیں ہم ان کو بھی غلط مانتے ہیں اور جو اس کتاب میں ڈاکٹر فاروق عبدللہ کے متعلق باتیں لکھی گئی ہیں ان کو بھی ہم غلط اور بے بنیاد مانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبدللہ نے واضح کیا کہ ’’یہ سب غلط ہے، ایسا کتاب کی بکری کے لیے کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ ایک جسٹس نے بھی اس کتاب کی رسم رونمائی کی تقریب میں حصہ لینے سے انکار کیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ بات جان لینی چائیے کہ دلی میں نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے اور لوگوں میں غلط فہمیاں اور الجھن پیدا کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی ہمیشہ بیٹھا رہتا ہے اور یہ کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: