اننت ناگ (دین عمران) : جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں پیر کے روز ایک دلخراش حادثے میں اُس وقت ایک مقامی شخص کی موت واقع ہو گئی جب وہ کوکرناگ کے پنزگام علاقے میں کنواں کھودنے کے دوران اچانک پھسل کر گہرے کنویں میں جا گرا۔ متوفی کی شناخت 38 سالہ شوکت احمد وانی کے طور پر ہوئی ہے جو صوف شالی، کوکرناگ کا رہائشی ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ شوکت احمد وانی پیر کی دوپہر کنواں کھودنے میں مشغول تھا، اسی دوران اچانک توازن کھو بیٹھا اور کنوے کی گہرائی میں گر کر بری طرح زخمی ہو گیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی انجام دی اور شوکت کو کنویں سے باہر نکال کر سب ضلع ہسپتال (Sub District Hospital) کوکرناگ منتقل کیا، تاہم وہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کے مطابق شوکت احمد وانی کی اسپتال پہنچانے سے قبل ہی موت واقع ہو چکی تھی۔
ادھر، جموں و کشمیر پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ شوکت احمد کی حادثاتی موت کے سبب علاقے میں غم و سوگ کا ماحول ہے۔ وہیں سوشل میڈیا پر بھی واقعے کے حوالے سے اظہار افسوس کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: