کپوارہ (شمیم احمد) : شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں آسمانی بجلی گرنے سے رہائشی مکان تباہ ہو گیا تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ واقعہ ضلع کے وار پورہ، ہتمولہ علاقے میں پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمانی شب عبدالحمید میر نامی ایک شہری کا دو منزلہ مکان آسمانی بجلی کی زد میں آکر تباہ ہو گیا تاہم رہائشی بال بال بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
حادثہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی باشندوں نے متاثرین کو ہنگامی بنیادوں پر رات بھر سر چھپانے کی جگہ مہیا کی۔ لوگوں نے بتایا کہ حادثہ میں گرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آسمانی بجلی گرنے سے مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ حادثہ کی وجہ سے مکان قابل رہائش نہیں رہا۔ لوگوں نے متاثرین کی فوری امداد اور بازآبادکاری کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے وادی کشمیر سمیت خطہ چناب اور پیچ پنجال میں شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ آسمانی بجلی گرنے اور بادل پھٹنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ شدید بارشوں کی وجہ سے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں وہیں صوبہ جموں کے رام بن ضلع میں سرینگر جموں قومی شاہراہ کے نزدیک بادل پھٹنے، زمین کھسکنے اور مٹی کے تودے گرآنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل آج دوسرے روز بھی معطل رہی۔
اب تک مختلف علاقوں میں زمین کھسکنے اور مٹی کے تودے گر آنے کے سبب جموں کشمیر میں کم از کم پانچ ہلاکتیں ہوئیں۔ وہیں حکومت نے وادی کشمیر میں پیر کے روز سبھی اسکولوں میں درس و تدریس کا عمل احتیاطاً معطل کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: