سرینگر: عید الفطر سے قبل کشمیر میں مٹن ڈیلرز نے گوشت کی ممکنہ قلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جس کی وجہ سرینگر جموں قومی شاہراہ (Srinagar Jammu National Highway) پر ٹرکوں کی مسلسل بندش بتائی جا رہی ہے۔ ڈیلرز کے مطابق، گزشتہ ایک ماہ سے ٹریفک پولیس کی جانب سے روزانہ 30 ٹرکوں کو کئی گھنٹوں تک مختلف چیک پوائنٹس پر روکا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف مویشیوں کی ہلاکت ہو رہی ہے بلکہ سپلائی میں رکاوٹ کے باعث عید کے دوران مہنگائی میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
مٹن ڈیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری معراج الدین کا کہنا ہے کہ ہر ٹرک میں 140 سے زائد بھیڑیں لادی جاتی ہیں اور ایک دن کی تاخیر بھی تاجروں کے لیے نقصان کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا: ’’اگر (ٹرکوں کی) بندش جاری رہی تو عید پر مٹن سپلائی متاثر ہوگی، قیمتیں بڑھیں گیں اور مویشیوں کا نقصان ہوگا۔‘‘
یونٹی مٹن ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد سلیم میر نے بھی طویل تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’عید کے رش کو دیکھتے ہوئے ٹرکوں کی بندش سے نہ صرف گوشت کی قلت ہوگی بلکہ اس سے قصابوں، تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کی روزی روٹی بھی متاثر ہوگی۔‘‘
دوسری جانب، ایس ایس پی ٹریفک روہت بسکوترا کا کہنا ہے کہ سرینگر جموں شاہراہ روزانہ کھلی رہتی ہے اور مسافروں کے لیے باقاعدہ ایڈوائزری جاری کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق: ’’ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہی سفر کریں۔‘‘
ادھر، مٹن ڈیلرز نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری حل نکالیں تاکہ عید کے دوران گوشت کی قلت اور قیمتوں میں اضافے سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: