سرینگر: جموں و کشمیر حکومت نے سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی کی سابق سرکاری رہائش ’’فیئرویو گیسٹ ہاؤس‘‘ کو نائب وزیر اعلیٰ سرندر کمار چودھری کو الاٹ کر دیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ (Estates Department ) نے نومبر 2024 میں چودھری کو یہ رہائش گاہ الاٹ کی، جب نو منتخب حکومت نے حلف اٹھایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محبوبہ مفتی نے دوبارہ رہائش کے لیے درخواست نہیں دی اور حکومت نے بھی اس کی الاٹمنٹ میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
فیئرویو گیسٹ ہاؤس، جو سرینگر کے گپکار علاقے میں واقع ہے، تقریباً 17 سال تک مفتی خاندان کی سرکاری رہائش گاہ رہا۔ انہیں نومبر 2022 میں لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے یہاں سے بے دخل کیا تھا۔ محبوبہ مفتی 2005 سے یہاں رہائش پذیر تھیں، جب یہ سرکاری طور پر ان کے والد اور اس وقت کے وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کو الاٹ کیا گیا تھا۔

ماضی میں جموں و کشمیر کے تمام سابق وزرائے اعلیٰ کو تاحیات سرکاری رہائش کی سہولت حاصل تھی، لیکن بی جے پی حکومت نے 2020 میں آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد یہ قانون تبدیل کر دیا۔
پی ڈی پی کے چیف ترجمان محبوب بیگ نے کہا کہ کسی بھی فرد کو سرکاری رہائش فراہم کرنا حکومت کا اختیار ہوتا ہے۔ ’’عام طور پر حکومت کو لچکدار رویہ اختیار کرنا چاہیے، لیکن جب کوئی اس کا مستحق نہ ہو تو حکومت کے پاس اختیار ہوتا ہے کہ وہ سرکاری عمارتیں ضرورت کے مطابق الاٹ کرے۔ اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔‘‘

فیئرویو: گیسٹ ہاؤس سے ٹارچر سینٹر اور پھر رہائش گاہ
فیئرویو گیسٹ ہاؤس 1989 تک اعلیٰ سرکاری افسران اور وی آئی پیز کے لیے مہمان خانہ تھا، لیکن 1990 میں بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے اس پر قبضہ کر کے اسے ’’پاپا ٹو‘‘ (PAPA-II) نام سے مشہور تفتیشی مرکز (Interrogation Centre) بنا دیا۔ 1996 تک یہ گیسٹ ہاؤس حراست میں لئے گئے عسکریت پسندوں یا ان کے مبینہ معاونین کے انٹیروگیشن سنٹر (interrogation and torture centre ) کے لئے استعمال ہوتا رہا۔
سال 1996 میں اس وقت کے چیف سیکریٹری اشوک جیٹلی یہاں منتقل ہو گئے۔ بعد ازاں، 2003 میں اس کی تزئین و آرائش کے بعد یہ اس وقت کے وزیر خزانہ مظفر حسین بیگ کو الاٹ کیا گیا اور بعد میں مفتی خاندان کے حصے میں آیا۔
محبوبہ مفتی کے دور میں اس عمارت میں وسیع پیمانے پر ترمیم کی گئی، جس میں ایک علیحدہ جم قائم کیا گیا۔ یہاں پی ڈی پی کا ایک علیحدہ دفتر بھی بنایا گیا، جہاں محبوبہ مفتی پارٹی اجلاس منعقد کرتی اور میڈیا سے خطاب کرتی تھیں۔ دفتر کے ساتھ مزید تین کمرے تعمیر کیے گئے تھے، جہاں دن کے وقت محبوبہ کی میڈیا ٹیم قیام کرتی تھی۔

محبوبہ مفتی نے سرینگر کے مضافاتی علاقے کھمبر میں واقع اپنی نئی رہائش گاہ منتقل ہو چکی ہے، جو شہر سے تقریباً 20 کلومیٹر دور زبرون پہاڑی سلسلے میں واقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- محبوبہ مفتی نے سرکاری رہائش گاہ خالی کی
- محبوبہ مفتی کو سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کی ہدایت، دیگر متبادل مقامات کی پیشکش