جموں وکشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو نے کہا کہ مرکز کے زیرانتظام علاقہ کے اسپتالوں میں عملے کی کمی کو جلد ہی دور کیا جائے گا۔ صحت اور طبی تعلیم کی کابینی وزیر سکینہ ایتو نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کا دورہ کیا تاکہ ایس ڈی ایچ کاکاپورہ اور ایس ڈی ایچ پانپور کے کام کاج کا جائزہ لیا جائے۔
ضلع کے دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ ایم ایل اے راجپورہ غلام محی الدین میر، ایم ایل اے پانپور حسنین مسعودی، این سی ضلع صدر پلوامہ محمد خلیل بند، ڈائریکٹر ہیلتھ اور ضلع انتظامیہ پلوامہ کے سینئر افسران بھی تھے۔
سکینہ ایتو نے زیر تعمیر ایس ڈی ایچ بلڈنگ کاکاپورہ کا دورہ کیا اور لوگوں کو یقین دلایا کہ علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عمارت کو جلد فعال کر دیا جائے گا۔ ایس ڈی ایچ کاکاپورہ کے دورے کے بعد وزیر سکینہ ایتو نے ایس ڈی ایچ پانپور کا دورہ کیا اور وہاں ڈائیلاسز سنٹر کا افتتاح کیا۔
یہ بھی پڑھیں: 309نئے ڈاکٹرز کی تقرری سے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی ختم: وزیر صحت - KASHMIR HEALTHCARE
کابینی وزیر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے اسپتالوں میں خالی آسامیوں کو جلد ہی پُر کیا جائے گا اور نیشنل کانفرنس حکومت کی ترجیح ہے جموں وکشمیر کے لوگوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔ نئے سامنے آنے والے کورونا کیسز کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔