جموں : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اپنے تین روزہ دورہ جموں و کشمیر کے دوران پیر کے روز پاکستان سے متصل سرحدی ضلع کٹھوعہ کے ہرن نگر سیکٹر میں بی ایس ایف کی ایک اہم چوکی "ونئے" کا دورہ کیا، جہاں گزشتہ دو ہفتوں سے پاکستانی عسکریت پسندوں کے خلاف بڑا آپریشن جاری ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ دوپہر کے وقت ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں سے ہیرانگر پہنچے جہاں بی ایس ایف ڈائریکٹر جنرل دلت سنگھ چوہدری، جموں و کشمیر پولیس کے ڈی جی نلن پربھات، بی ایس ایف جموں فرنٹیئر کے آئی جی ششانک آنند اور جموں زون کے آئی جی بھیم سین ٹوٹی نے ان کا استقبال کیا۔
امت شاہ نے چوکی پر زمینی صورتحال کا جائزہ لیا اور جاری آپریشن سے متعلق اعلیٰ افسران سے بریفنگ لی۔ ان کا یہ دورہ اُس وقت ہوا جب ضلع کٹھوعہ کے جنگلاتی علاقوں میں 23 مارچ سے سرچ آپریشن جاری ہے۔ اس دوران 27 مارچ کو عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک شدید جھڑپ میں چار پولیس اہلکار شہید اور دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔
وزیر داخلہ اتوار کی شام جموں پہنچے تھے، جہاں انہوں نے بی جے پی کے ایم ایل ایز اور دیگر پارٹی عہدیداروں کے ساتھ بند کمرے میں تقریباً دو گھنٹے طویل میٹنگ کی۔ امت شاہ کی آمد کے پیش نظر جموں و کشمیر میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: وقف ایکٹ تنازعہ کے بیچ عمر عبداللہ کی کرن رجیجو سے ملاقات پر اپوزیشن برہم
ان کے دورہ کے دوران انہیں زمینی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔وزیر داخلہ کٹھوعہ سے واپسی پر راج بھون جموں میں شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے اور ہمدردی کی بنیاد پر بھرتی کیے گئے کچھ افراد کو تقرری نامے بھی دیں گے۔ ننگل کو امت شاہ سرینگر کے راج بھون میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے اور سیکورٹی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔