اننت ناگ (میر اشفاق) : قصبہ اننت ناگ کے وسط میں موجود شیر باغ مذہبی رواداری اور آپسی بھائی چارہ کا ایک اہم اور تاریخی مقام ہے، یہ جگہ ہندو سکھ مسلم اتحاد کی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ یہ وہ جگہ ہے جہاں پر مندر، مسجد، گردوارہ اور بابا حیدر ریشی کی درگاہ موجود ہے، اسلئے اس جگہ پر ہر مذہب کے لوگوں کا ملن ہوتا ہے جس سے مذہبی رواداری اور آپسی بھائی چارہ کو فروغ ملتا ہے۔
باغ کے متصل میٹرنٹی اینڈ چائلڈ کیئر (ایم سی سی ایچ) ہسپتال قائم ہے، مختلف علاقوں سے آنے والے تیماردار باغ میں اپنی تھکان مٹانے کے لئے آتے ہیں، وہیں عام لوگ اور مقامی سیاح باغ کی سیر و تفریح سے لطف اندوز ہو کر باغ میں پُر سکون لمحات گزارتے ہیں، تاہم انتظامیہ کی غفلت شعاری سے باغ خستہ حالی کا شکار ہو گیا ہے، باغ میں لہلہاتے سر سبز چنار بھی بوسیدہ ہو چکے ہیں، وہیں شیر باغ کی شان رفتہ کو دوبالا کرنے والے صاف و شفاف قدرتی چشمے آلودہ ہو چکے ہیں۔ آلودگی کے سبب چشموں میں موجود نایاب اقسام کی مچھلیاں ناپید ہوئی ہیں۔
باغ میں کوڑا کرکٹ جمع رہتا ہے جس سے باغ کے اندر آوارہ کتے مائل ہوتے ہیں، آوارہ کتوں کی موجودگی کے سبب لوگ باغ میں آنے سے خوف محسوس کر رہے ہیں۔ باغ میں موجود بیت الخلاء بھی خستہ ہو چکے ہیں اسلئے لوگوں کو بیت الخلاء کی عدم دستیابی سے مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگوں نے متعلقہ حکام سے باغ کی تجدید و مرمت کا پُر زور مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: