جموں (عامر تانترے) : ناردرن ریلوے کے جموں ڈویژن، جموں کشمیر محکمہ ہارٹیکلچر اور باغبانوں کی ایک تنظیم کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں آج شری ماتا ویشنو دیوی، کٹرا، ریلوے اسٹیشن سے ممبئی کے باندرہ ٹرمینس کی جانب چیری سے بھرا ہوا پہلا پارسل کوچ روانہ کیا گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق، 24 ٹن چیری سے لدا یہ کوچ ٹرین نمبر 12472 کے ساتھ منسلک کیا گیا جو شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا سے باندرہ ٹرمینل کی جانب روانہ ہوئی۔ یہ کوچ سڑک کے بجائے ایک ہفتے کے طویل اور مشکل گزار راستے کے جائے اب ریل کے ذریعے صرف 30 گھنٹوں میں منزل تک پہنچے گا، جسے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جموں ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر (ایس ڈی سی ایم) اُچت سنگھل نے بتایا کہ یہ قدم ڈویژنل ریلوے مینیجر، وویک کمار کی رہنمائی میں اٹھایا گیا اور اسے جموں ڈویژن کی تاریخ کا اہم دن قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’پہلی مرتبہ چیری کو کٹرا سے باندرہ ٹرمینس بذریعہ ریل بھیجا گیا ہے۔ اس سے پہلے کاشتکاروں کو اپنی پیداوار ٹرکوں کے ذریعے ملک کے دیگر حصوں میں بھیجنی پڑتی تھی۔‘‘
سنگھل نے مزید بتایا کہ کاشتکاروں اور باغبانی محکمے کے ساتھ متعدد میٹنگز کے بعد اس اقدام کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ اس کامیابی کے بعد دو مزید پارسل کوچز کی درخواست دی گئی ہے، ایک کٹرا اور دوسرا جموں سے، جہنیں آنے والے دنوں میں روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ پہل نہ صرف کاشتکاروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی بلکہ جموں کشمیر کی معیشت کو بھی تقویت دے گی۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: