سری نگر: جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ 18 ستمبر کو ہونے والی ہے۔ اس سے ٹھیک پہلے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کی عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) اور کالعدم جماعت اسلامی (جموں و کشمیر) نے اتحاد کے ساتھ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے آئی پی کے سربراہ انجینئر رشید اور کالعدم تنظیم کے پینل کے سربراہ غلام قادر وانی نے اتوار کو سری نگر میں اتحاد کا اعلان کیا۔
کالعدم جے ای آئی کے پینل کے سربراہ شمیم احمد ٹھوکر نے اے آئی پی کے ساتھ اتحاد کی تصدیق کی۔ انہوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا، "ہم نے آج سرینگر میں ایک میٹنگ کی، جس میں ہم نے انجینئر رشید کی عوامی اتحاد پارٹی کے ساتھ انتخابات سے قبل اتحاد کرنے کا فیصلہ کیا۔"
میٹنگ کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں اے آئی پی نے کہا کہ ہمارا مقصد دونوں کے امیدواروں کی شاندار جیت کو یقینی بنانا ہے۔ یہ یقینی بنانا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے پاس مضبوط نمائندے ہوں جو اپنے جذبات اور خواہشات کا اظہار کر سکیں۔ یہ تعاون جموں و کشمیر میں امن، انصاف اور یہاں کے لوگوں کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اے آئی پی 30 سے زیادہ سیٹوں پر میدان میں
اے آئی پی وادی کشمیر میں 30 سے زائد نشستوں پر الیکشن لڑ رہی ہے، جب کہ کالعدم جماعت اسلامی آزاد امیدواروں کی حمایت کر رہی ہے جو پہلے اس کے رکن تھے۔ جماعت اسلامی نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ، کولگام، جین پورہ اور دیوسر اسمبلی حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں، جہاں پہلے مرحلے میں 18 ستمبر کو ووٹنگ ہونی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر مسئلہ کا فیصلہ کشمیر کے لوگ کریں گے: انجینئر رشید
اس کے علاوہ جے ای آئی نے بیرواہ، لنگیٹ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، سوپور اور رفیع آباد اسمبلی حلقوں میں بھی امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ لنگیٹ انجینئر رشید کا آبائی حلقہ ہے، جس کی وہ جموں و کشمیر اسمبلی میں دو مرتبہ نمائندگی کر چکے ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں انجینئر رشید نے اپنے بھائی شیخ خورشید کو میدان میں اتارا ہے جو سرکاری استاد تھے لیکن نوکری چھوڑ چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اتحاد کے تحت ان حلقوں میں 'دوستانہ مقابلہ' کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جہاں اے آئی پی اور جماعت اسلامی نے امیدوار کھڑے کیے ہیں، خاص طور پر لنگیٹ، دیوسار اور جین پورہ جیسے حلقوں میں۔ دیگر حلقوں میں وہ مشترکہ امیدوار کھڑا کریں گی۔
مزید پڑھیں: جماعت اسلامی پر پابندی ہٹنی چاہیے: پی ڈی پی امیدوار
بیان میں کہا گیا، "دونوں جماعتوں نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے اور خطے میں دیرپا اور باوقار امن کو فروغ دینے میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تیزی سے ابھرتے ہوئے سیاسی منظر نامے پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ جماعت اسلامی اور اے آئی پی دونوں ہی غیر فعال مبصر بن کر نہیں رہ سکتے۔"
انجینئر رشید یکم اکتوبر تک عبوری ضمانت پر
انجینئر رشید کو یکم اکتوبر تک عبوری ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔ ان کی دہلی کی تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد اے آئی پی نے اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔ رشید جنوبی کشمیر کی اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدواروں کے لیے مہم چلا رہے ہیں، جہاں پہلے مرحلے میں 18 ستمبر کو ووٹنگ ہونے والی ہے۔
14 فروری 2019 کو پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر خودکش حملے کے بعد 28 فروری 2019 کو مرکزی حکومت نے جماعت اسلامی پر پابندی لگا دی تھی۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوان مارے گئے تھے۔ حکومت نے جماعت اسلامی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی۔ اس کے رہنماؤں اور حامیوں کو گرفتار کیا اور وادی کشمیر میں اس کی جائیدادوں اور دفاتر کو سیل کر دیا۔
حالیہ دنوں میں مرکزی حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی جموں و کشمیر سے پابندی ہٹانے کے امکانات بڑھ گئے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے پارلیمانی انتخابات کی ووٹنگ میں بھی حصہ لیا اور اسمبلی انتخابات میں بھی آزاد امیدوار کھڑے کر کے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر سچ بولنا علیحدگی پسندی ہے تو مجھے علیحدگی پسند ہونے پر فخر ہے: انجینئر رشید