سرینگر : شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (SKUAST-K) سرینگر سے وابستہ فوڈ ٹیکنالوجی کی محققہ ڈاکٹر افق فیاض وانی کو حکومت ہند کے بایوٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بایو کیئر فیلوشپ 2024-25 سے نوازا گیا ہے۔ یہ فیلوشپ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں خواتین سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ ترقی کیلئے مخصوص ہے، اور اس کے ذریعے منتخب سائنسدانوں کو مالی و ادارہ جاتی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر افق کو مجموعی طور پر 53.59 لاکھ روپے کی تحقیقاتی گرانٹ دی جائے گی، جس میں 27 لاکھ روپے فیلوشپ اور 26.59 لاکھ روپے تحقیقاتی اخراجات کے لیے شامل ہیں۔ یہ گرانٹ سہ سالہ پروجیکٹ کے تحت منظور کی گئی ہے۔
ڈاکٹر افق نے SKUAST-K کی فیکلٹی آف ہارٹیکلچر، ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ڈاکٹریٹ مکمل کی ہے۔ ان کا تحقیقی موضوع کشمیر کے روایتی خوشبودار چاول ’’مشک بدجی‘‘ کی مہک کی پروفائلنگ اور جینیاتی اظہار پر مبنی تھا، جسے مختلف اور مخصوص اراضی پر کاشت کیا جاتا ہے۔ ان کے تحقیقی نتائج بین الاقوامی سطح پر معروف Scientific Reports اور Food Chemistry: X میں شائع ہوئے ہیں۔
فیلوشپ کے تحت ڈاکٹر افق اب ایک جدید تحقیقی منصوبے کی قیادت کریں گی جس کا عنوان ہے:’’Metabolomics Analysis of Highland Himalayan Rice Fermented with Medicinal Fungi: Unveiling the Enhancement of Nutritional Properties for Functional Food Development۔‘‘ آفیشلز کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کا مقصد مشک بدجی چاول کی غذائیت کو ادویاتی فنگس کو بڑھانا اور اسے فنکشنل فوڈ کے طور پر فروغ دینا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر افق عالمی سطح پر تسلیم شدہ محققہ ہیں۔ ان کے 390 گوگل اسکالر حوالہ جات، h-index 9، اور i10-index 8 ہیں۔ وہ فی الوقت SKUAST-K کے فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیویژن میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، ڈاکٹر افق کو خوراکی صنعت میں بھی عملی تجربہ حاصل ہے۔ وہ بسلری انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ میں کام کر چکی ہیں اور FIL Industries میں انٹرن شپ مکمل کر چکی ہے، جہاں انہیں فوڈ پروسیسنگ اور کوالٹی کنٹرول میں مہارت حاصل ہوئی۔
سال 2024 میں اُنہیں شاندار اشاعت ریکارڈ کی بنیاد پر ’’اچیور آف دی ایئر‘‘ سے نوازا گیا۔ وہ اپنے ایم ٹیک اور بی ٹیک کورسز میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر توصیفی اسناد بھی حاصل کر چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: