اننت ناگ (میر اشفاق) : کسانوں خاص کر نوجوانوں کو ڈیری سیکٹر کی جانب مائل کرنے کے لئے جموں کشمیر ملک پروڈیوسرز کوآپریٹو لمیٹڈ (جے کے ایم پی سی ایل) اور جموں کشمیر ڈیری ڈیولاپمنٹ کے اشتراک سے اس سیکٹر کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ’’دی مرہامہ ملک پروڈیوسرز کوآپریٹو لمیٹڈ‘‘ نے جموں کشمیر ملک پروڈیوسرز کوآپریٹو لمیٹڈ (جے کے ایم پی سی ایل) کے اشتراک سے ضلع اننت ناگ کے مرہامہ علاقے میں دودھ فروخت کرنے والے 150 سے زائد کسانوں میں بونس تقسیم کیا، تاکہ گائے پالنے والے کسانوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔
اس اقدام پر اُن مقامی کسانوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا جو کوآپریٹو سوسائٹی (جے کے ایم پی سی ایل) کو دودھ فروخت کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سوسائٹی کے قیام کے بعد انہیں دودھ کے معقول دام مل رہے ہیں جس سے ڈیری کی جانب لوگوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے، وہیں سالانہ بونس ملنے سے ان کی حوصلہ افزائی بھی ہو رہی ہے۔
دی مرہامہ ملک پروڈیوسرز کوآپریٹو لمیٹڈ کے آپریٹر شیراز احمد نے کہا کہ گاؤں میں پہلے صرف 14 ممبر سوسائٹی کا حصہ بنے تھے، فوائد نمایاں ہونے کے بعد لوگ اس کے ساتھ جڑنے لگے اور آج گاؤں کی کوآپریٹو سوسائٹی کے ساتھ 150 سے زائد ممبران منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ڈیجیٹل پیمانوں اور مشینریز سے دودھ کی جانچ ہوتی ہے اور لوگوں کو معیار کے مطابق دودھ کی قیمت فراہم کی جاتی ہے جو لوگوں کے لئے منافع بخش ثابت ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر میں اس وقت جے کے ایم پی سی ایل کے 1400 سے زائد ملک کولیکشن یونیٹس کام کر رہے ہیں جن پر روزانہ 250000 لیٹر دودھ جمع کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دودھ فروخت کرنے والے 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد خاندان جڑے ہوئے ہیں، وہیں اس سے تقریبا 3000 نوجوان روزگار کما رہے ہیں۔
جے کے ایم پی سی ایل پر دودھ فروخت کرکے لوگ اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ صرف جنوبی کشمیر میں جے کے ایم پی سی ایل کے دودھ کا گراف روزانہ ایک لاکھ لیٹر کے قریب پہنچ گیا ہے جو محض ایک برس کے دوروان دو گناہ بڑھا ہے۔
بونس تقسیم کرنے کا لائحہ عمل
جے کے ایم پی سی ایل ایک کوآپریٹو سوسائٹی ہونے کے ناطے سال بھر کا منافع لوگوں میں بُونس کے طور پر تقسیم کرتے ہیں، وہیں لوگوں کو دودھ کے برتن بھی مفت فراہم کئے جاتے ہیں، اس کے علاوہ جے کے ایم پی سی ایل کی جانب سے ویٹرنری کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں دودھ دینے والے جانوروں کا مفت علاج و معالجہ اور ادویات فراہم کی جاتی ہیں وہیں مقوی چارہ بھی کم قیمتوں پر دستاب کیا جاتا ہے۔
جے کے ایم پی سی ایل کی طرف سے دیہی علاقوں میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس دودھ کولیکشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں، اس قدم سے نہ صرف اعلی معیار کے دودھ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ روزگار کو بھی بڑھاوا دیا جا رہا ہے۔ وہیں کسانوں کو دودھ کی کوالٹی اور معیار کے مطابق رقم ملتی ہے جس سے کسانوں کو فائدہ ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
اننت ناگ ضلع نے دودھ کی پیداوار میں ضلع پلوامہ کو پیچھے چھوڑ دیا: چیف انیمل ہسبنڈری اننت ناگ
اس گائے نے دودھ دینے میں بنایا ریکارڈ، 24 گھنٹے میں اتنا دودھ کہ آپ جان کر چونک جائیں گے