ETV Bharat / jammu-and-kashmir
جموں میں بی جے پی کی پارٹی میٹنگ، راجیہ سبھا اور ضمنی انتخابات پر حکمتِ عملی تیار
میٹنگ میں پارٹی معاملات، آئندہ راجیہ سبھا انتخابات، جموں و کشمیر کی دو اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات سے متعلق تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔


By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : October 9, 2025 at 5:48 PM IST
|Updated : October 9, 2025 at 7:39 PM IST
جموں، (محمد اشرف گنائی): بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر انچارج ترن چوگھ نے آج جموں میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اہم تنظیمی میٹنگ کی صدارت کی، جس کا مقصد پارٹی کو مضبوط بنانا اور آئندہ راجیہ سبھا و اسمبلی ضمنی انتخابات کے لیے حکمتِ عملی تیار کرنا تھا۔ میٹنگ میں لیڈر آف اپوزیشن (LoP) سنیل شرما، جموں و کشمیر بی جے پی صدر ستی شرما اور سینیئر لیڈران اشوک کول و شام لال شرما سمیت دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کی۔

مقامی یونٹس کو مضبوط بنایا جائے
میٹنگ میں پارٹی معاملات، آئندہ راجیہ سبھا انتخابات اور جموں و کشمیر کی دو اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس دوران ترن چوگھ نے نچلی سطح پر منظم رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان کو متحرک کیا جائے، مقامی یونٹس کو مضبوط بنایا جائے اور عوامی رابطے کو مزید بڑھایا جائے۔


ووٹرز کے ساتھ مضبوط تعلق ضروری
ذرائع کے مطابق، میٹنگ میں راجیہ سبھا امیدواروں کے انتخاب اور دو اسمبلی نشستوں پر بہتر کارکردگی کے لیے مؤثر انتخابی حکمت عملی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ مختلف لیڈران نے اپنے اپنے حلقوں کی صورتحال سے آگاہ کیا اور عوامی بیداری مہم، رسائی پروگراموں اور کارکنان کی سرگرم شمولیت پر زور دیا تاکہ ووٹرز کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھا جا سکے۔


پارٹی میں نوجوانوں و خواتین کی شمولیت
میٹنگ میں تنظیمی ڈھانچے کا جائزہ لیتے ہوئے اندرونی رابطہ، مقامی قیادت کی صلاحیتوں میں اضافہ اور پارٹی میں نوجوانوں و خواتین کی شمولیت بڑھانے جیسے معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

