ETV Bharat / jammu-and-kashmir
اننت ناگ کے نوجوانوں نے ہائی ٹیک اریگیشن آلہ تیار کرلیا، کاشتکاروں نے کیا خیرمقدم
محمد مُطلب نے باتیا کہ اریگو، ایک خودکار اریگیشن نظام ہے جو ایک زمیندار کو موبائل ایپلیکیشن کے ذریعہ تمام جانکاری فراہم کرتا ہے۔

Published : July 30, 2025 at 7:28 PM IST
اننت ناگ (میر اشفاق) وادی کشمیر میں زراعت اور باغبانی شعبہ کو وسعت دینے کے لئے نئی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ باغبانی خاص کر ہائی ڈینسیٹی باغات میں ایسے جدید آلات کی تنصیب کی جارہی ہے جن سے نہ صرف زرعی پیداوار کو بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ پیڑ پودوں کو مختلف بیماریوں سے تحفظ بھی فراہم ہوگا۔
اسی سلسلہ کی ایک کوشش کے تحت جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع سے تعلق رکھنے والے محمد مُطلب، سیرت جان اور مُعاویہ نامی تین طلباء نے مل کر ،،اریگو،، نامی آٹومیٹک ہائی ٹیک اریگیشن سسٹم آلہ تیار کیا ہے جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے ، ان ہونہار نوجوانوں نے با ضابطہ طور پر اس آلہ کو منظر عام پر لایا ہے اوراننت ناگ کے ایک ہائی ڈینسیٹی باغ میں کامیابی کے ساتھ نصب کرکے اس کا ڈیمو پیش کیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے آلہ تیار کرنے والے اور کمپنی کے مالک محمد مُطلب نے کہا کہ اریگو، ایک خودکار (آٹومیٹک) اریگیشن نظام ہے جو ایک زمیندار کو موبائل ایپلیکیشن کے ذریعہ تمام جانکاری فراہم کرتا ہے ،یہ کھیت کی مسلسل نگرانی کرتا ہے، یہ مانیٹرنگ ڈیوائس فارم سے ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے اور آبپاشی، بیماریوں، کیڑوں اور فرٹیگیشن کے انتظام میں مدد کرتا ہے۔ وہیں موسم کی تازہ ترین معلومات بھی دیتا ہے۔
یہ آلہ مٹی کی رطوبت کو جانچ لیتا ہے اور حسب ضرورت پلانٹس کو پانی فراہم کرتا ہے،اس میں کئی طرح کے سینسرس نصب ہیں جو مٹی میں موجود فنگس یا کسی بیماری کی موجودگی کا پتہ دیتا ہے اور اس کے لئے درکار ادویات بھی تجویز کرتا ہے، وہیں یہ 15 روز کے لئے موسم کی پیشگوئی کرتا ہے ،اس کے علاوہ اس آلہ میں کئی دیگر خصوصیات موجود ہیں جس سے اس کی عکاسی ایک کسان دوست آلہ کے طور پر ہوتی ہے۔
اس آلہ کا کنٹرول ایپ کے ذریعہ ریمورٹ پر ہے یہ سولر سسٹم اور بجلی پر چلتا ہے ،مُطلب نے کہا کہ ہر جگہ پر بجلی میسر نہیں ہوتی ہے اسلئے اس میں سولر نظام نصب کیا گیا ہے اور یہ رات کے دوران بیٹری پر آپریٹ کرتا ہے۔ محمد مُطلب نے کہا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر سات برس قبل اس پر کام کرنا شروع کیا تھا ،انہوں نے کہا کہ بھارت ایک زرعی معاشی ملک ہے ،یہ ایک وسیع سیکٹر ہے ،زرعی سیکٹر میں کام کرنے کی ان کی ذاتی دلچسپی تھی ، انہوں نے اس میں ریسرچ کرنا شروع کیا جس کے بعد انہیں پتہ چلا کہ کسان کے لئے اریگیشن ایک بہت بڑا چیلینج رہتا ہے ،کسانوں کے لئے اریگیشن نظام کو آسان بنانا ان کا خواب بن گیا جو بالآخر سات برس بعد پورا ہوگیا۔
سیرت جو کمپنی کی کُو فاونڈر ہیں نے کہا کہ یہ ایک بہت کی عمدہ پروڈکٹ ہے جس سے کسان کافی مستفید ہونگے ،پروڈکٹ کو مارکیٹ میں لانا ایک بڑا چیلینج رہتا ہے ،لوگوں نے اس کا ڈیمو دیکھا ہمیں لگا کہ لوگ اسے دیکھ کر کافی متاثر ہوئے ہیں ، یہ ایک کسان دوست اور سستا آلہ ہے ،آنے والے وقت میں وہ اسے فائنانس پر بھی دستیاب رکھیں گے تاکہ ایک غریب کسان بھی اس کا فائدہ اٹھا سکے۔
ٹیم میں شامل معاویہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسانوں کی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ آلہ تیار کیا ہے، ایک کسان کو کن چیزوں کی ضرورت ہے اسی کے مطابق انہوں نے اس پروڈکٹ کو بنایا ہے اس میں یہ بھی خاصی خیال رکھا گیا ہے کہ یہ کسان کی استقامت سے باہر نہیں ہونا چاہئے ،اس پروڈکٹ سے ایک کسان کا کام نہ صرف آسان ہو جائے گا بلکہ اس سے باغ یا فارم بھی محفوظ رہے گا ،معاویہ کا کہنا ہے کہ اس آلہ کو لانچ کرنے کے بعد لوگ اسے پسند کرنے لگے ہیں ،انہیں امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ کسان ان کے ساتھ جڑ جائیں گے اور اس ہائی ٹیک آلہ سے مستفید ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کی امیدیں اور خواب پرامن ماحول میں ہی پروان چڑھ سکتے ہیں: لیفٹیننٹ گورنر - LIEUTENANT GOVERNOR MANOJ SINHA
کاشتکاروں کی جانب سے ہائی ٹیک اریگیشن آلہ تیار کرنے والے نوجوانوں کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے ،وہیں کاشتکار اس آلہ پر مطمئن نظر آرہے ہیں۔ سریگفوارہ سے تعلق رکھنے والے کاشتکار عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ ایسے نوجوان حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں ،انہوں نے کہا کہ وہ اس آلہ کو دیکھ کر کافی متاثر ہوئے ہیں ، قیوم نے کہا کہ ہائی ٹیکنالوجی سے لیس اس آلہ کو جس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں جو خصوصیات موجود ہیں اس سے کسانوں کو کافی استفادہ حاصل ہوگا۔

