جموں (محمد اشرف گنائی): جموں ریلوے اسٹیشن پر بم/آئی ای ڈی (دھماکہ خیز مواد) کی موجودگی سے متعلق موصول ہوئی گمنام کال کے بعد سیکورٹی ایجنسیز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ بم کی موجودگی کی یہ کال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب وزیر اعظم نریندر مودی کا صوبہ جموں کے کٹرا علاقے میں چھ جون کو کٹرا -سرینگر ریل سروس کے افتتاح کا اعلان کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایک نامعلوم شخص کی جانب سے بم کی کال دیے جانے کے بعد سیکورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا۔ جموں پولیس کے مطابق یہ کال یکم جون 2025 کی شام موصول ہوئی تھی، جس کے بعد فوری طور پر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ جموں پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ’’اطلاع ملتے ہی جموں پولیس اور ریلوے پولیس نے فوری طور پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پورے ریلوے اسٹیشن کو محفوظ بنا کر مکمل طور پر تلاشی لی۔ تمام پلیٹ فارمز کے علاوہ قریبی علاقوں کی بھی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔‘‘

پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران کوئی مشکوک چیز یا سرگرمی سامنے نہیں آئی، اور ’’کال ایک جھوٹا الرٹ‘‘ ثابت تھا۔ تاہم، پولیس نے معاملے کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کال کرنے والے کی شناخت کے لیے تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:
جعلی بم کال کو روکا نہیں جا سکتا، لیکن ایمرجنسی کے لیے ایکشن پلان ضروری: دہلی ہائی کورٹ