اننت ناگ : ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل کے کئی علاقوں میں خاص کر ترہپو میں بندروں نے مقامی باشندوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ رہائشی علاقوں میں بڑی تعداد میں بندروں کے داخل ہونے سے نہ صرف خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے بلکہ بندر کھڑی فصلوں، میوہ جات و سبزیوں اور گھریلو اشیاء کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔
اچھہ بل کے ترہپو گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ بندروں نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بندروں کی بھرمار کے سبب ان کے علاقہ میں معمولات زندگی کافی متاثر ہے۔ لوگوں کے مطابق گزشتہ چند برس قبل ان کے علاقہ میں اچانک بندر نمودار ہوئے۔ اکثر بندر ہجوم کی صورت میں اچانک گاؤں میں اچانک داخل ہو جاتے ہیں، اس دوران گاؤں میں افرا تفری پھیل جاتی ہے۔ بندر نہ صرف ان کی کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، بلکہ گھروں میں گھس کر قیمتی اشیاء، اناج اور خوراک کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ راستے میں آنے والے کسی بھی فرد پر بندر حملہ آور ہوجاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Gray Langur in Sopore بندر کی موجودگی سے لوگوں میں خوف و ہراس - سوپور میں گرے رنگ کا مخصوص لنگور
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بندروں کے حملہ میں ابھی تک کئی افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ لوگ اپنے بچوں کی حفاظت کو لیکر کافی فکرمند ہیں۔ بچوں کو اسکول چھوڑنے اور واپس لانے کے دوران انہیں تنہا چھوڑنا مشکل ہو گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے متاثرہ علاقہ کا دورہ کرکے مسئلہ کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے۔