ETV Bharat / jammu-and-kashmir
کھیلو انڈیا ونٹر گیمس 2025 کا دوسرا مرحلہ: ایل جی منوج سنہا نے گلمرگ کا کیا دورہ
ایل جی منوج سنہا نے گلمرگ کا دورہ کرتے ہوئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔

Published : March 10, 2025 at 12:30 PM IST
بارہمولہ (کوثر عرفات): مشہور و معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں کھیلو انڈیا کی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں اور اس ضمن میں ایل جی منوج سنہا نے گلمرگ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ عوام سے خطاب کیا۔ اس سے پہلے گلمرگ میں ریاست کے مختلف اضلاع سے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اسی درمیان ایل جی منوج سنہا نے کھلاڑیوں سے خطاب کیا اور کہا کہ سرکار اور انتظامیہ کے حوالے سے ہم نے تمام طرح کے انتظامات کیے ہیں اور ہم کو لگا تھا کہ شاید اس سال کھیلو انڈیا گیمس ہونا مشکل ہے لیکن قدرت نے اس علاقے گلمرگ کو ایک بار پھر برفباری سے نوازا۔ جس پر ہم سب کافی خوش ہیں۔
گلمرگ کھیل کود کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور:
خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ گلمرگ کھیل کود کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور ہے اور اب اگر ہم ونٹر کھیلوں کے حوالے سے بات کریں تو اس کی ایک الگ پہچان ہے۔ آپ کو بتادیں کہ گلمرگ میں کھیلوں کے سلسلہ میں رات بھر کافی سرگرمیاں جاری رہیں اور کھیلو انڈیا کے حوالے سے اس وقت گلمرگ کا نظارہ کافی الگ ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں 5ویں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2025 کا آغاز ہوا۔ کھیلوں میں ملک کے مختلف حصوں سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ 5ویں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2025 کے دوسرا مرحلے کے کامیاب انعقاد کے لیے جموں و کشمیر پولیس، نیم فوجی سی آر پی ایف اور دیگر سکیورٹی فورسز کے سپاہیوں کو ایک مربوط کثیر سطحی سکیورٹی پلان کے تحت گلمرگ اور اس کے آس پاس تعینات کیا گیا ہے۔
پہلے اسپورٹنگ ایونٹ کو کیوں روکنا پڑا
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ابتدائی طور پر 22 سے 25 فروری تک شیڈول میگا اسپورٹنگ ایونٹ کو روکنا پڑا کیونکہ افرواٹ اور باؤل کے اہم اسکی ڈھلوانوں پر کھیل کے لیے کافی برف نہیں تھی جس کی وجہ سے اسکیئنگ اور دیگر مسابقتی کھیلوں کا انعقاد ناممکن ہوگیا تھا۔
کھیلو انڈیا سرمائی کھیل 2025 میں کون کون سے گیمز شامل
اس بار تقریباً 800 شرکاء، بشمول 650 تکنیکی عملہ، مندوبین، اور مقامی کھلاڑی، چار شعبوں میں مقابلہ کر رہے ہیں، جن میں الپائن اسکیئنگ، نورڈک اسکیئنگ، اسکی کوہ پیمائی، اور اسنو بورڈنگ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ گیمز کا پہلا مرحلہ 23 سے 27 جنوری تک لداخ میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جہاں این ڈی ایس اسپورٹس کمپلیکس اور گفوک تالاب میں آئس ہاکی اور آئس اسکیٹنگ کے مقابلے منعقد ہوئے۔

