نیویارک/واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو اپنے اس دعوے کو ایک بار پھر دہرایا کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کو لڑائی سے روکا اور دونوں ممالک سے کہا کہ ان کی انتظامیہ ان لوگوں کے ساتھ تجارت نہیں کر سکتی جو ایک دوسرے پر گولیاں چلا رہے ہیں۔
ٹرمپ نے ارب پتی ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کے ساتھ اوول آفس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ "ہم نے بھارت اور پاکستان کو لڑنے سے روک دیا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ جنگ جوہری تباہی میں تبدیل ہو سکتی تھی۔" قابل ذکر ہے کہ امریکی حکومت کے کارکردگی محکمہ کو سنبھالنے والے ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کو الوداع کہہ دیا ہے۔
مسک کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ "بھارت اور پاکستان کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں اور میں اپنے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ہم نے تجارت پر بات کی اور ہم نے کہا کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ تجارت نہیں کر سکتے جو ایک دوسرے پر گولیاں چلا رہے ہوں اور ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار استعمال کر سکتے ہوں۔" ٹرمپ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے لیڈر "عظیم رہنما" ہیں۔ وہ سمجھ گئے، وہ مان گئے اور یہ سب رک گیا"۔
مزید پڑھیں: ایلون مسک اور ٹرمپ کی جوڑی ٹوٹ گئی، مسک نے امریکی انتظامیہ سے علیحدگی کا اعلان کر دیا
ٹرمپ نے کہا کہ "ہم دوسروں کو بھی لڑنے سے روک رہے ہیں۔ بہرحال ہم کسی سے بھی بہتر لڑ سکتے ہیں۔ ہمارے پاس دنیا کی سب سے بڑی فوج ہے، ہمارے پاس دنیا کے عظیم لیڈر ہیں۔"
جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے خوفناک دہشت گردانہ حملے کے تقریباً دو ہفتے بعد جس میں 26 شہری مارے گئے تھے، بھارت نے پاکستان اور اس کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے آپریشن سندور شروع کیا۔ بھارت اور پاکستان نے 10 مئی کو ایک دوسرے پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد عالمی دباؤ کے پیش نظر تنازع کو ختم کرنے کے لیے سمجھوتہ کر لیا۔
متعلقہ خبر: ہم نے بھارت اور پاکستان کے بیچ جوہری جنگ کو روکا: ٹرمپ
حکومت ہند نے ڈھکے چھپے لہجے میں دعویٰ کر رہی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے بیچ مفاہمت ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کی سطح پر بات چیت کے نتیجے میں ہوئی مگر حکومت نے امریکی صدر ٹرمپ کے دعوؤں کو کبھی خارج بھی نہیں کیا۔
وہیں ٹرمپ نے بارہا دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو حل کرنے میں مدد کی اور جوہری ہتھیاروں سے لیس جنوبی ایشیائی پڑوسیوں سے کہا کہ اگر وہ لڑائی بند کر دیں تو امریکہ ان کے ساتھ بہت زیادہ تجارت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت اور پاکستان کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کا حل نکالیں گے: ٹرمپ