تہران: ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا (IRNA) کے مطابق تہران نے اسرائیلی حملوں کے خلاف 'کچلنے والی' جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ایران نے اسرائیلی کے تباہ کن حملوں کے 'فیصلہ کن جواب' کی شروعات سینکڑوں بیلسٹک میزائل داغ کر کی ہے"۔ پاسداران انقلاب نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اس آپریشن کو 'وعدہ صادق 3' کا نام دیا ہے۔
ایران کے میزائیل حملوں کی دوسری لہر بھی شروع
ایران نے اسرائیل پر حملے کی پہلی لہر میں سینکڑوں بیلسٹک میزائل داغے۔ دونوں ملکوں کے ذرائع ابلاغ کے مطابق پہلی لہر کے بعد ایران نے میزائلوں کا دوسرا بیراج بھی لانچ کیا جس میں اس نے متعدد میزائل داغے ہیں۔
ایران کا دو اسرائیلی جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ
دوسری طرف ایرانی سرکاری ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ دو اسرائیلی جنگی طیارے ایرانی فضائی حدود میں مار گرائے گئے۔ تاحال اسرائیل کی جانب سے ایران کے اس دعوے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ آزاد ذرائع سے بھی اس تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل فی الوقت ایران کے جوابی حملوں کو ناکام بنانے کے لیے جد و جہد کر رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایران کے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'اس وقت پورا اسرائیل ایران کے حملوں کی زد میں ہے۔' ایران اسرائیل پر مسلسل میزائل داغ رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک اور بیان میں کہا کہ " ایران کی جانب سے اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائلوں کا ایک اور بیراج داغا گیا ہے۔''
🚨All of Israel is under fire as Iran fires projectiles🚨 pic.twitter.com/eqEGzQMiCc
— Israel Defense Forces (@IDF) June 13, 2025
وسطی اسرائیل میں کئی دھماکوں کی اطلاع
ایران کے جوابی حملوں کے بعد اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں متعدد غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اسرائیل کے چینل 13 نے تل ابیب میں اسرائیل کی وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر کے قریب آگ لگنے کی اطلاع دی ہے، جب کہ اسرائیل ہیوم نے بتایا ہے کہ وسطی اسرائیل کے سات علاقوں میں میزائل گرنے کی خبر ہے۔
22 لوگ زخمی، دو شدید زخمی: اسرائیل
ایرانی حملوں میں متعدد اسرائیلوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اسرائیل کی ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ کم سے کم 22 لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو لوگ شدید زخمی ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تل ابیب کے علاقے میں سات مقامات پر میزائل حملوں کے اثرات کی اطلاعات ہیں جن میں متعدد اسرائیلی زخمی ہوئے۔ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی حملوں کے بیچ اسرائیل بھر میں سائرن کی گونج
ایران کے میزائل حملوں کے بعد تل ابیب سمیت اسرائیل بھر میں مسلسل سائرن بجنے کی اطلاع ہے۔ وہیں اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے شہریوں کو بم مخالف بنکروں میں پناہ لینے کی ہدایت جاری کرنے کے ساتھ میزائل حملوں کے اثرات کی فوٹو نہ لینے کی تاکید کی ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر کا تازہ بیان
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے جنگ شروع کی ہے اور اسے سنگین نتائج کے بغیر ’’ہٹ اینڈ رن‘‘ حملے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا کہ ''صیہونی حکومت (اسرائیل) اپنے جرم کے نتائج سے محفوظ نہیں رہے گی۔ ایرانی قوم کو اس بات کی ضمانت دی جانی چاہیے کہ ہمارا ردعمل ادھورا نہیں ہوگا''۔
مزید پڑھیں: ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ، 100 سے زائد ڈرونز داغے
اسرائیلی حملہ کے بعد ایران نے عسکری قیادت میں بڑی تبدیلی کردی