ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ، 100 سے زائد ڈرونز داغے
مشرق وسطی میں شدید کشیدگی کے درمیان اسرائیلی حملہ کا جواب دیتے ہوئے ایران نے صیہونی ملک کی جانب 100 سے زائد ڈرونز داغ دیئے۔

Published : June 13, 2025 at 2:01 PM IST
حیدرآباد : ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کردیا۔ تہران نے صیہونی حملے کے جواب میں ایک سو سے زائد ڈرونز کو اسرائیلی اہداف کی جانب روانہ کردیا۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی شہر قم کی مسجد جمکران میں لال جھنڈا بھی لہرا دیا گیا جس کا مقصد اسرائیلی حملہ کا بدلہ لینا ہے۔
ایرانی حملہ پر اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی دیفرین نے کہا کہ ’ایران نے اسرائیل کی جانب 100 سے زائد ڈرونز روانہ کیے ہیں، آئندہ کچھ گھنٹے ہمارے لئے کٹھن ہیں‘۔
قبل ازیں اسرائیل نے ایران کے اہم مقامات تہران، کرمان شاہ اور خرم آباد سمیت متعدد شہروں پر فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں ایران کے آرمی چیف جنرل محمد حسین باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی، جوہری سائنسدان ڈاکٹر محمد مہدی تہرانچی، جوہری ادارے کے سابق سربراہ فردون عباسی اور سینئر کمانڈر جنرل غلام علی راشد ہلاک ہوگئے۔ اسی طرح القدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی کی ہلاکت سے متعلق بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ وہیں ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی شدید زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملہ رہائشی علاقوں میں کئے گئے۔ رہائشی عمارتوں پر بمباری کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک، 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی اسرائیلی حملے میں ہلاک - ISRAEL ATTACKS IN IRAN
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی ایٹمی اور عسکری تنصیبات پر فضائی حملے کیے۔ اسرائیلی فوج نے اس حملہ کو ’آپریشن رائزنگ لائن‘ کا نام دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ایران کے ایٹمی تنصیبات، اسلحہ ڈپو اور فوجی مراکز سمیت 100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

