ETV Bharat / international

بھارتی شہری ساحل کی یوکرائنی فوج کے سامنے خود سپردگی، روس کی طرف سے لڑ رہا تھا گجراتی نوجوان

روسی فوج کے ساتھ لڑنے والے بھارتی شہری ساحل نے یوکرین کی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

روس یوکرین جنگ میں تباہی کا ایک منظر
روس یوکرین جنگ میں تباہی کا ایک منظر (File : ANI)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : October 8, 2025 at 12:12 PM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

نئی دہلی: یوکرین کی فوج نے منگل کو اعلان کیا کہ روسی فوج کے ساتھ لڑنے والے ایک ہندوستانی شہری نے یوکرین کی فوج کے سامنے سرینڈر کر دیے ہیں۔

یوکرائنی فوج کی 63ویں میکانائزڈ بریگیڈ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر بھارتی شہری کی ایک ویڈیو جاری کی، جس میں اس نے اپنی شناخت گجرات سے تعلق رکھنے والے مجوتی ساحل محمد حسین کے طور پر بتائی ہے۔

اس معاملے پر بھارتی حکام کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کیف میں بھارتی سفارت خانہ اس رپورٹ کی سچائی کی جانچ کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس معاملے پر یوکرائنی حکام سے کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ملی ہے۔

دی کیو انڈیپنڈنٹ اخبار کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کی فوج نے بتایا کہ 22 سالہ حسین ایک یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے روس آیا تھا۔

ویڈیو میں حسین نے بتایا کہ اسے منشیات سے متعلق الزامات میں روس کی ایک جیل میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور مزید سزا سے بچنے کے لیے روسی فوج کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: روس-یوکرین جنگ میں پھنسے بیکانیر نوجوان کی حکومت سے فریاد

حسین نے کہا، "میں جیل میں نہیں رہنا چاہتا تھا، اس لیے میں نے خصوصی فوجی آپریشن کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کر دیا تھا۔ لیکن میرا مقصد وہاں سے نکلنا تھا۔"

16 دن کی تربیت کے بعد حسین کو ان کے پہلے جنگی مشن پر یکم اکتوبر کو بھیجا گیا، جو تین دن تک جاری رہا۔ اس دوران اپنے کمانڈر کے ساتھ لڑائی کے بعد اس نے یوکرائنی فوجیوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

اس نے کہا، "میں تقریباً دو یا تین کلومیٹر دور یوکرین کی ایک خندق تک پہنچا۔" انہوں نے مزید کہا، "میں نے فوری طور پر اپنی رائفل نیچے رکھ دی اور کہا کہ میں لڑنا نہیں چاہتا۔ مجھے مدد کی ضرورت ہے۔ میں روس واپس نہیں جانا چاہتا۔"

یہ بھی پڑھیں: روسی فوج میں بھرتی کیے گئے مزید 27 بھارتی شہریوں کو فوری رہا کیا جائے: ماسکو سے بھارت کا مطالبہ

63ویں میکانائزڈ بریگیڈ نے ٹیلی گرام پوسٹ میں کہا کہ حسین نے روس میں تعلیم حاصل کی تھی لیکن وہ منشیات کے ساتھ پکڑا گیا تھا۔ "قید سے بچنے کے لیے وہ جنگ میں چلا گیا۔"

وزارت خارجہ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ بھارت نے روس پر سختی سے زور دیا ہے کہ وہ روسی فوج میں خدمات انجام دینے والے 27 بھارتی شہریوں کو رہا کر کے وطن واپس بھیجے۔

ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ طلباء اور کاروباری ویزوں پر گئے کچھ بھارتیوں کو یوکرین میں جنگ کے اگلے محاذوں پر تعینات روسی فوجی یونٹوں میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا تھا۔

بھارت نے بار بار روس پر زور دیا کہ وہ روسی فوجی یونٹوں میں معاون عملہ جیسے باورچی اور مددگار کے طور پر خدمات انجام دینے والے تمام بھارتیوں کو رہا کرے۔ یہ مسئلہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ سال روس کے دورے کے دوران بھی اٹھایا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق روسی فوج میں بھرتی ہونے والے بھارتیوں کی تعداد اب 150 سے تجاوز کر گئی ہے۔ یوکرین میں تنازع کے جنگ کے محاذ پر لڑتے ہوئے کم از کم 12 بھارتی شہری مارے جا چکے ہیں، جب کہ روسی حکام نے 96 کو رہا کر دیا تھا۔ 16 دیگر لاپتہ بتائے گئے ہیں۔

متعلقہ خبر: روسی فوج سے 85 بھارتی فارغ، دیگر 20 شہریوں کی وطن واپسی کےلئے اقدامات: خارجہ سکریٹری وکرم مسری