حیدرآباد: حیدرآباد میں بالی ووڈ اداکارہ پر تشدد کرکے جسم فروشی پر مجبور کرنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق ممبئی کی 30 سالہ اداکارہ کو حیدرآباد کی ایک خاتون دوست نے رواں ماہ کی 17 تاریخ کو ایک دکان کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان شرکت کرنے کے لیے مدعو کیا۔ اداکارہ کو اس تقریب میں شرکت کے لیے ہوائی جہاز کا کرایہ اور معاوضہ دینے کا وعدہ کیا گیا۔
دعوت نامہ ملنے کے بعد اداکارہ 18 تاریخ کو ممبئی سے حیدرآباد پہنچی اور مانصاب ٹینک کے شیام نگر کالونی میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ٹھہرایا گیا۔ ایک عمر رسیدہ خاتون نے ان کے قیام اور دیگر سہولیات کا انتظام کیا۔
تاہم 21 تاریخ کی رات حالات نے ایک ہولناک رخ اختیار کر لیا۔ رات 9 بجے کے قریب دو خواتین اداکارہ کے اپارٹمنٹ میں داخل ہوئیں اور اسے جسم فروشی پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں، اسی رات 11 بجے تین مرد اس کے کمرے میں داخل ہوئے اور مبینہ طور پر اس کا جنسی استحصال کرنے کی کوشش کی۔ اداکارہ کے انکار کرنے پر انہوں نے اس پر جسمانی تشدد کیا۔
جب اداکارہ نے مدد کے لیے چیخنا شروع کیا اور پولیس میں شکایت درج کرنے کی دھمکی دی تو تینوں افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ اداکارہ کا دعویٰ ہے کہ اس کے بعد عمر رسیدہ خاتون اور دو دیگر خواتین نے اداکارہ کو کمرے میں بند کر دیا اور اس کے 50 ہزار روپے نقد لے کر فرار ہو گئیں۔ متاثرہ خاتون 100 نمبر ڈائل کر کے پولیس سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔ مانصابن ٹینک پولیس نے فوری جواب دیتے ہوئے موقعے پر پہنچ کر اداکارہ کو بازیاب کرایا۔ اداکرہ کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ رازداری کے پیش نظر یہاں اداکارہ کے نام کا انکشاف نہیں کیا جا رہا ہے۔