نئی دہلی: اگر آپ کے آدھار کی تفصیلات کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے تو آپ کے پاس 14 جون تک کا وقت ہے۔ یو آئی ڈی اے آئی (Unique Identification Authority of India) شہریوں کو مفت میں اپنے آدھار کی جانکاری آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ لیکن یہ 14 جون 2025 تک ہی ممکن ہے۔
پچھلے سال پہلی بار شروع کی گئی اس پہل سے معمول کی 50 روپے کی اپ ڈیٹ فیس کو ختم کر دیا گیا اور آپ کو اندراج مرکز جانے کی پریشانی سے بھی چھٹکارا مل گیا ہے۔
آدھار کو اپ ڈیٹ کیوں کریں؟
یو آئی ڈی اے آئی کے آدھار اندراج اور اپ ڈیٹ کے ضوابط 2016 کے مطابق ہر آدھار ہولڈر کو ہر 10 سال میں ایک بار اپنی شناخت کا ثبوت (PoI) اور پتے کا ثبوت (PoA) اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنی جانکاری کو اپ ٹو ڈیٹ رکھنے سے آپ کو سرکاری وظائف کے لیے درخواست دینے، بینک اکاؤنٹ کھولنے، یا کے وائی سی کے عمل کو مکمل کرنے میں مشکلات سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
آپ آن لائن کیا کیا اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں؟
نام
تاریخ پیدائش (کچھ حدود کے تحت)
پتہ
جنس
زبان کی ترجیحات
تاہم، بایومیٹرک اپ ڈیٹس جیسے کہ فنگر پرنٹس، آئرس اسکین، یا آپ کی تصویر کو آدھار اندراج کے مرکز پر ہی اپڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔
آدھار کو آن لائن کیسے اپ ڈیٹ کیا جائے؟
سب سے پہلے یو آئی ڈی اے آئی (uidai) کی ویب سائٹ https://myaadhaar.uidai.gov.in پر جائیں۔
اپنا آدھار نمبر اور او ٹی پی درج کرکے لاگ ان کریں۔
اوپر دائیں جانب دستاویزات کو اپ ڈیٹ کریں پر کلک کریں۔
درست شناخت کا ثبوت (PoI) اور پتے کا ثبوت (PoA) دستاویزات اپ لوڈ کریں (JPEG/PNG/PDF، زیادہ سے زیادہ 2MB)
تصدیق کریں اور جمع کرائیں۔
اسٹیٹس کو ٹریک کرنے کے لیے آپ کو سروس ریکوسٹ نمبر (SRN) ملے گا۔