نئی دہلی: ریلوے کی وزارت کے تحت کام کرنے والے سینٹر فار ریلوے انفارمیشن سسٹم (CRIS) نے حق معلومات قانون (RTI) کے تحت ایک درخواست کا جواب دیا ہے۔ اس درخواست میں پوچھا گیا تھا کہ ریلوے نے بزرگ شہریوں کے لیے دی گئی مراعات واپس لے کر پچھلے پانچ سالوں میں کتنی رقم کمائی؟
حق معلومات قانون (RTI)
سینٹر فار ریلوے انفارمیشن سسٹم (CRIS) نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے نے بزرگ شہریوں کے لیے رعایتیں واپس لے کر پچھلے پانچ سالوں میں تقریباً 8,913 کروڑ روپے کی اضافی آمدنی حاصل کی ہے۔ ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ CRIS وزارت ریلوے کے تحت کام کرتا ہے اور مختلف خدمات فراہم کرتا ہے۔ ان میں ٹکٹنگ اور مسافروں کے ڈیٹا کی ترقی اور دیکھ بھال بھی شامل ہے۔
غور طلب ہے کہ بزرگ شہریوں کے لیے ٹرین ٹکٹوں پر رعایت بحال کرنے کا سوال اراکین پارلیمنٹ، ایوان میں کئی مواقع پر اٹھا چکے ہیں، تاہم ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ ریلوے پہلے ہی ہر مسافر کو اوسطاً 46 فیصد کی رعایت دیتا ہے۔
کتنی رعایت دستیاب تھی؟
آپ کو بتاتے چلیں کہ 60 سال سے زیادہ عمر کے مرد، خواجہ سرا اور 58 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو 20 مارچ 2020 سے پہلے تمام کلاسوں کے ٹرین ٹکٹوں پر بالترتیب 40 فیصد اور 50 فیصد رعایت ملتی تھی، لیکن کووڈ کی وبا کی وجہ سے وزارت ریلوے نے اسے واپس لے لیا تھا۔
مدھیہ پردیش کے آر ٹی آئی کارکن چندر شیکھر گوڑ کا بیان
مدھیہ پردیش سے آر ٹی آئی کارکن چندر شیکھر گوڑ نے کہا، "میں نے 20 مارچ 2020 سے لے کر وزارت ریلوے میں آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت کئی درخواستیں دائر کیں اور سب سے حالیہ درخواست مارچ 2025 کی تھی۔
جب میں نے ڈیٹا کا تجزیہ کیا تو مجھے معلوم ہوا کہ تقریباً 18.279 کروڑ مرد، 13.065 کروڑ، خواتین اور 43.5 ہزار ٹرانس جینڈر مسافرین نے 20 مارچ 2020 سے لے کر 28 فروی 2025 کے بیچ سفر کیا ہے۔ جن سے ریلوے نے ایک بھاری رقم بچا لی۔
وزارت ریلوے نے مراعات کی بحالی کی مخالفت کر دی
وزارت ریلوے نے ماضی میں کئی مواقع پر بزرگ شہریوں کے لیے مراعات کی بحالی کے مطالبے کی مخالفت کی ہے۔ 19 مارچ، 2025 کو لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں، ویشنو نے کہا، "ہندوستانی ریلوے معاشرے کے تمام طبقات کو سستی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اس نے 2022-23 میں مسافروں کے ٹکٹوں پر 56,993 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے۔ یہ ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے ہر فرد کو اوسطاً 46 فیصد کی رعایت ہے۔"
بزرگ شہری کو رعایتی ریل ٹکٹ کی سہولت نہیں
گوڑ نے رعایت کی بحالی کا مطالبہ کیا اور سوال کیا، "ایک عام شہری زندگی بھر مختلف ٹیکس ادا کرتا ہے اور ایک بار جب وہ بزرگ شہری کی عمر میں داخل ہوتا ہے، تو کیا وہ ریلوے سے رعایتی ریل ٹکٹ کی سہولت کی امید نہیں رکھ سکتا؟" انہوں نے کہا کہ حکومت کس بنیاد پر خود کو فلاحی محکمہ (ریاست، ملک) کہتی ہے۔