ڈونگر پور: راجستھان کے ضلع ڈونگر پور کے گالندر گاؤں میں ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے جہاں 95 برس کے دولہے نے 90 سال کی دلہن سے شادی کر لی۔ گالندر گاؤں میں بدھ کے روز شادی کی تقریبات بڑے دھوم دھام سے ہوئیں اور اس دوران گاؤں والوں نے ڈی جے پر بارات نکالی جس میں لوگ خوب ناچے گائے۔ خیال رہے کہ یہ معمر جوڑا 70 برس سے بغیر شادی کے ایک ساتھ رہ رہا ہے۔ دونوں کے چار بیٹے، چار بیٹیاں اور نواسے پوتے ان کی شادی کے گواہ بنے۔ اس انوکھی شادی کی ہر طرف چرچا ہو رہی ہے۔
بیٹے کانتی لال انگاری نے بتایا کہ جب ماں باپ نے شادی کی خواہش ظاہر کی تو انہوں نے گھر والوں اور گاؤں کے لوگوں سے رائے لی۔ اس کے بعد یکم جون کو ہلدی کی رسم ادا کی گئی اور چار جون کو شادی ہوئی۔ اس دن صبح بارات نکلی تو پورا گاؤں اس میں شامل تھا۔ تمام گھر والے اور گاؤں کے لوگ اس شادی سے خوش ہیں۔
چار بچے سرکاری ملازمت میں
دراصل، گالندر گاؤں کالی ڈونا کے رہائشی راما بھائی انگاری (95) جیولی دیوی (90) کے ساتھ ناطہ روایت کے تحت 70 سال سے رہ رہے تھے۔ ان دونوں کے آٹھ بچے بھی ہوئے۔ ان کی شادیوں کے بعد ان کے پوتے پوتیاں بھی ہوئیں۔ ان میں سے چار سرکاری ملازمت کر رہے ہیں۔ دو بیٹے شیورام انگاری (55)، کانتی لال (52) اور ایک بیٹی سنیتا ٹیچر ہیں جب کہ دوسری بیٹی انیتا نرس ہے۔ یہی نہیں دو بہوئیں بھی سرکاری نوکری کر رہی ہیں۔

ناطہ کے 70 سال بعد انہوں نے سماجی رسم و رواج کے مطابق گھر والوں کے سامنے شادی کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے بعد ان کے تمام بچوں نے مل کر اپنے بزرگ ماں باپ کی خواہش کا احترام کیا اور نہ صرف ان کی شادی کرائی بلکہ دھوم دھام کے ساتھ ڈی جے پر گاؤں میں بارات بھی نکالی گئی۔ اس دوران گاؤں والوں نے خوب ڈانس بھی کیا۔

'ناطہ پرتھا' کیا ہے؟
95 سالہ دولہا راما اور 90 سالہ دلہن جیولی دونوں بغیر شادی کے 70 سال تک ساتھ رہے۔ اسے مقامی زبان میں ''ناطہ پرتھا'' کہا جاتا ہے۔ اس میں کوئی بھی مرد اور عورت باہمی رضامندی سے بغیر شادی کے ایک ساتھ رہتے ہیں۔ ان کے بیٹے باکو انگاری (60)، شیورام انگاری (55)، کانتی لال (52)، لکشمن (42) اور بیٹیاں سنیتا اور انیتا نے یہ شادی دھوم دھام سے کروائی۔
یہ بھی پڑھیں: آیئے اپنے بزرگوں کی مدد کریں