نئی دہلی: مرکزی وزارت تعلیم کے ذریعہ جاری کردہ قومی ادارہ جاتی درجہ بندی فریم ورک (این آئی آر ایف) 2024 کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی یہ فہرست 13 کیٹیگریز میں جاری کی گئی ہے۔ اس میں یونیورسٹیاں، کالج، انجینئرنگ، مینجمنٹ، قانون، فن تعمیر، ڈینٹل، اختراع، زراعت، متعلقہ ادارے اور تحقیقی ادارے شامل ہیں۔ آئی آئی ایس سی بنگلور سرفہرست یونیورسٹی ہے، جبکہ جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی تیسرے نمبر اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے آٹھویں نمبر کا خطاب حاصل کیا ہے۔
دارالحکومت دہلی میں واقع بڑی یونیورسٹیوں میں جے این یو، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور دہلی یونیورسٹی(ڈی یو) نے بھی اپنی جگہ بنائی ہے۔ پچھلے سال کی طرح اس بار بھی جے این یو دوسرے نمبر پر ہے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے زمرے میں تیسرے نمبر پر ہے۔ دونوں یونیورسٹیوں کو ایک بار پھر یہ پوزیشن مختلف خصوصی کاوشوں بشمول تحقیق کے فروغ اور طلبہ کے اساتذہ کے تناسب کی وجہ سے ملی ہے۔
ڈی یو نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 مقامات کی بہتری کی ہے اور یونیورسٹی کے زمرے میں چھٹی پوزیشن حاصل کی ہے۔ دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے کہا کہ پچھلے سال بھی ڈی یو نے دو مقام آگے بڑھا تھا اور قومی سطح پر یونیورسٹی کے زمرے میں 11واں مقام حاصل کیا تھا۔ اس بار مجموعی درجہ بندی میں بھی ڈی یو نے 7 مقام کا فائدہ اٹھایا ہے اور 15ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔