رودرپریاگ (اتراکھنڈ): بھارتی آرمی چیف جنرل اوپیندر نے ہندو مذہب کے چار دھام یاترا کے بیچ اتراکھنڈ میں کیدارناتھ مندر کا درشن کیا۔ اس دوران انہوں نے کیدارناتھ مندر میں خصوصی پوجا کی۔ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے یہ سب فوج کی وردی پہنے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر کیدارناتھ تیرتھ پروہت سماج، بدری کیدار مندر کمیٹی نے مندر کے احاطے میں ان کا استقبال کیا۔
مندر کمیٹی اور تیرتھ پروہت سماج نے خیرمقدم کیا
اتراکھنڈ میں چار دھام یاترا کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی بیچ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ بھارتی آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ کیدارناتھ کے درشن کے لیے پہنچ گئے۔ کیدارناتھ تیرتھ پروہت سماج، بدری کیدار مندر کمیٹی نے مندر کے احاطے میں ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس دوران آرمی چیف نے اپنے خاندان کے ساتھ کیدارناتھ مندر میں خصوصی پوجا پاٹ کی۔

کیدارناتھ کو روحانی اور حیرت انگیز قرار دیا
اس دوران وہ کافی دیر تک دھام کے درشن کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ 'بھگوان شیو کا یہ دھام روحانی اور شاندار ہے، یہاں آکر ذہن کو بے پناہ سکون ملتا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ عام عقیدت مندوں کے ساتھ ساتھ وی آئی پی مسافر بھی 'کیدارناتھ دھام' آ رہے ہیں۔ چھ جون کو مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی درشن کے لیے کیدارناتھ پہنچے تھے، جب کہ دو جون کو دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا 'کیدارناتھ دھام' پہنچی تھیں۔
اس سے قبل ہندو مذہبی رہنما سے ملاقات پر تنازع
اس سے قبل 29 مئی کو آرمی چیف اپیندر دویدی نے باقاعدہ فوجی وردی میں ہندو مذہبی رہنما رام بھدراچاریہ سے ملاقات کی اور ان سے دیکشا لی۔ وردی میں ہوئی ان کی اس ملاقات پر تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔ اس موقعے پر رام بھدراچاریہ نے گرو دکشنا (استاد کو دیا جانے والے تحفے) میں پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر مانگا تھا۔ یہ ملاقات بھی انہوں نے وردی میں رہتے ہوئے فیملی کے ساتھ کی تھی جو کافی سرخیوں میں رہی۔
مزید پڑھیں: راہل گاندھی کے تبصرے پر آرمی چیف نے کہا، فوج کو سیاست میں نہیں پڑنا چاہیے