بھونیشور: ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے منگل کو اوڈیشہ کے ساحل سے چاندی پور میں انٹیگریٹڈ ٹیسٹ رینج (آئی ٹی آر) سے ایک موبائل آرٹیکولیٹڈ لانچر سے لانگ رینج لینڈ اٹیک کروز میزائل (LRLACM) کا پہلا فلائٹ ٹیسٹ کیا۔
جانچ کے دوران، تمام ذیلی نظاموں نے حسب توقع کارکردگی دکھائی اور مشن کے بنیادی مقصد کو پورا کیا۔ متعدد رینج کے سینسر جیسے ریڈار، الیکٹرو آپٹیکل ٹریکنگ سسٹم اور آئی ٹی آر کی طرف سے مختلف مقامات پر تعینات ٹیلی میٹری نے میزائل کی کارکردگی کی نگرانی کی تاکہ پرواز کے راستے کی مکمل کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔
مختلف جنگی صلاحیتیں:
میزائل نے پوائنٹ نیویگیشن کا استعمال کرتے ہوئے مطلوبہ راستے کی پیروی کی اور مختلف اونچائیوں اور رفتار پر پرواز کرتے ہوئے مختلف جنگی صلاحتیوں کو انجام دینے کی اپنی خصوصیت کا مظاہرہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ میزائل میں جدید ایویونکس اور سافٹ ویئر بھی نصب ہے تاکہ بہتر اور قابل اعتماد کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
لانگ رینج لینڈ اٹیک کروز میزائل کو بنگلورو ایروناٹیکل ڈیولپمنٹ اسٹیبلشمنٹ، ڈی آر ڈی او لیبارٹریز اور ہندوستانی صنعتوں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کی بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ اور بنگلورو کی بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ ایل آر ایل اے سی ایم کے دو ترقیاتی اور پیداواری شراکت دار ہیں اور میزائل کی ترقی اور انضمام میں مصروف ہیں۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مبارکباد دی:
اس ٹیسٹ کو ڈی آر ڈی او کی مختلف لیبارٹریوں کے سینئر سائنسدانوں کے ساتھ ساتھ تینوں فوجوں کے نمائندوں نے دیکھا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پہلے کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کے لیے ڈی آر ڈی او، مسلح افواج اور صنعت کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مستقبل میں دیسی ساختہ کروز میزائل کی ترقی کے پروگراموں کی راہ ہموار ہوگی۔
دریں اثنا، سکریٹری، محکمہ دفاعی تحقیق اور ترقی اور ڈی آر ڈی او کے چیئرمین ڈاکٹر سمیر وی کامت نے ایل آر ایل اے سی ایم کے کامیاب آغاز پر ڈی آر ڈی او کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
یہ بھی پڑھیں: