جے پور: راجستھان میں جے پور کے رام لیلا میدان میں کانگریس کی جمہوریت بچاؤ ریلی کا انعقاد ہوا۔ پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال بھی ریلی میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ’میں پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ کشمیر ہمارا ہے، ملک کے کونے کونے سے لوگ وہاں سیر و تفریح کےلئے جاتے ہیں‘۔ کھرگے نے کہا کہ ’حملہ کے بعد ہم نے ورکنگ کانگریس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا اور تمام لیڈروں نے اس مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا‘۔
انہوں نے پی ایم مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ حکومت کی طرف سے بلائے گئے آل پارٹی اجلاس میں تمام جماعتوں کے لوگ آئے لیکن وزیراعظم موجود نہیں تھے۔ ملک کی عزت نفس پر حملہ ہو رہا ہے اور آپ انتخابی تقریر میں مصروف ہیں۔ وہ انتخابی تقریر کرنے بہار پہنچتے ہیں، لیکن آل پارٹی میٹنگ میں شرکت کے لیے دہلی نہیں آتے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام حملے: بھارتی فوج ہائی الرٹ پر، حملے کے حوالے سے کارروائی کرنے کے لیے میٹنگ - PAHALGAM TERROR ATTACK
کھرگے نے کہا کہ راہل گاندھی نے اپنا دورہ امریکہ منسوخ کر دیا۔ وہ فوری طور پر جموں و کشمیر پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’پہلے ملک آتا ہے، پھر پارٹی، ملک تنظیم سے بڑا ہے۔ ملک کے لیے سب کو متحد ہونا چاہیے۔ بی جے پی اور سنگھ کے لوگ جنگ آزادی میں شامل نہیں تھے جبکہ کانگریس کے لیڈروں نے جانوں کی قربانی دیکر ملک کو آزاد کیا۔ اس ملک کا آئین ڈاکٹر امبیڈکر نے لکھا، ایسا آئین بنایا کہ چائے بیچنے والا بھی اس ملک کا وزیراعظم بن سکتا ہے۔ ایک دلت کا بیٹا اپوزیشن لیڈر اور پارٹی کا قومی صدر بن سکتا ہے۔