لکھنؤ: اترپردیش کے پریاگ راج میں مہا کمبھ میلے میں 29 جنوری 2025 کو دیر رات پیش آیا بھگدڑ کا واقعہ ایک بار پھر سیاسی درجہ حرارت کو بڑھا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے اب تک 37 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ مگری اسی بیچ ایک نیوز پورٹل نے بھگدڑ میں 82 افراد کی موت کا دعویٰ کیا ہے۔ اس انکشاف کے بعد سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے یوگی حکومت پر سنگین سوال اٹھائے ہیں۔ اکھلیش یادو نے ایکس پر ایک لمبی پوسٹ لکھ کر حکومت کو کھری کھری سنائی۔
اکھلیش یادو نے کیا لکھا؟
اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ''سب دیکھیں، سنیں، جانیں اور شیئر کریں۔ سچائی کی صرف تحقیقات ہی نہیں، اس کی اشاعت بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ بی جے پی اور اس کے حامیوں کو خود کا جائزہ لینا چاہیے کہ جو لوگ کسی کی موت کے بارے میں جھوٹ بول سکتے ہیں، وہ کس جھوٹ کے پہاڑ پر چڑھ کر خود کو اپنی جھوٹی سلطنت کا سربراہ سمجھ رہے ہیں۔ جھوٹے اعداد و شمار دینے والے بی جے پی ممبران پر بھی بھروسہ نہیں کیا جائے گا۔ سوال صرف اعداد و شمار چھپانے کا نہیں بلکہ ایوان کے فلور پر جھوٹ بولنے کا بھی ہے اور یہ سوال بھی اہم ہے کہ مہا کمبھ میں مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ کی رقم نقد میں کیوں دی گئی؟
یہ نقدی کہاں سے آئی؟
جن لوگوں میں وہ رقم تقسیم نہیں ہو سکی وہ کس کے پاس واپس گئی
نقد رقم دینے کا فیصلہ کس اصول کے تحت کیا گیا؟
نقد رقم کس کے حکم پر تقسیم کی گئی؟
نقدی کی تقسیم کا تحریری حکم کہاں ہے؟
کیا نقد رقم کی تقسیم میں کوئی بے ضابطگی ہوئی؟
ساتھ ہی یہ بھی کہ موت کی وجہ تبدیل کرنے کا دباؤ کس کے کہنے پر ڈالا گیا؟

'عظیم سچائی کی تلاش کا آغاز'
اکھلیش یادو نے مزید لکھا، 'یہ رپورٹ اختتام نہیں، یہ مہا کمبھ میں ہونے والی اموات اور ان سے جڑی رقم کے بڑے سچ کی تلاش کی شروعات ہے۔ جب سچ سامنے آتا ہے تو جھوٹ کی پرتیں آشکار ہوتی ہیں جو دکھاوے کی ہر چادر اور نقاب ہٹا دیتی ہیں، پردے اٹھا دیتی ہیں۔ جھوٹ کا کوئی انفارمیشن مینجمنٹ ایسے سچ کو سامنے آنے سے نہیں روک سکتا۔
حکومت کی خاموشی پر سوال
ابھی تک اس تازہ رپورٹ اور اکھلیش یادو کے الزامات پر ریاستی حکومت کی طرف سے کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم پانچ فروری کو اسمبلی میں وزیر اعلیٰ یوگی نے بھگدڑ میں 37 اموات کی بات کہی تھی۔
مزید پڑھیں: کمبھ میلے میں 30 نہیں بلکہ 37 عقیدت مندوں کی موت ہوئی، دو لاشوں کی اب تک پہچان نہیں ہو سکی: یوگی
نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ سے 18 افراد ہلاک، متعدد زخمی، جانیے واقعے کی وجہ