ETV Bharat / sports

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے درخواستیں طلب، راہل دراوڈ کی میعاد جولائی میں ختم - Indian Team Head Coach

author img

By ETV Bharat Sports Team

Published : May 14, 2024, 5:12 PM IST

بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کوچ راہل دراوڈ کی میعاد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے بعد جولائی میں ختم ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔

BCCI
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (IANS)

حیدرآباد: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے پیر کو مردوں کی سینیئر کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ درخواستیں 27 مئی 2024 کو شام 6 بجے تک بی سی سی آئی کی جانب سے دیے گئے لنک سے آن لائن جمع کرائی جاسکتی ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ راہل دراوڈ کی میعاد جون 2024 میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ختم ہو رہی ہے۔ کیونکہ 2023 میں بھارت میں منعقدہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی تھی۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ راہل دراوڈ مستقبل میں کوچ بننا چاہتے ہیں یا نہیں۔

بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے حال ہی میں کچھ صحافیوں سے بات چیت میں واضح کیا تھا کہ اگر راہل دراوڈ کوچ رہنا چاہتے ہیں تو انہیں دوبارہ درخواست دینا ہوگی۔ بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق، کوچ کے انتخابی عمل میں درخواستوں کا مکمل جائزہ لیا جائے گا، اس کے بعد ذاتی انٹرویوز اور شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کا جائزہ نے کے بعد ہی کوئی فیصلہ یا جائے گا۔

توقع ہے کہ شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کا انٹرویو کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کرے گی جس میں سابق بھارتی بلے باز اور قومی سلیکٹر جتن پرانجپے شامل ہوں گے۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ نئے ہیڈ کوچ کی میعاد ڈیڑھ سال کی ہوگی جو یکم جولائی 2024 سے شروع ہوگی۔

بی سی سی آئی کے مطابق درخواست دہندگان کی اہلیت میں کم از کم 30 ٹیسٹ یا 50 ون ڈے میچز کھیلنا شامل ہے۔جے شاہ نے سینئر نیشنل مینز ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ کی تقرری کے امکان کو بھی رد نہیں کیا۔ واضح رہے کہ ڈنکن فلیچر ٹیم انڈیا کے آخری غیر ملکی کوچ تھے۔ تب سے بھارت نے قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی روی شاستری، انیل کمبلے اور راہل دراوڈ کو بطور ہیڈ کوچ رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیم انڈیا حکومتی فیصلے کے بعد ہی پاکستان کے دورے پر جائے گی: بی سی سی آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.