ETV Bharat / literature

عالمی یوم اردو یادگار مجلہ مولانا امداد صابری کو منسوب ہوگا - Maulana Imdad Sabri

author img

By UNI (United News of India)

Published : Apr 24, 2024, 7:03 PM IST

عالمی یوم اردو کمیٹی کی ایک میٹنگ ہر سال کی طرح اس سال بھی منعقد کی گئی، جس میں علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر خصوصی پروگرام کے دوران عالمی یوم اردو یادگار مجلہ شائع کرنے کے سلسلے میں تبادلہ خیال ہوا۔

World Urdu Day commemorative magazine
عالمی یوم اردو یادگار مجلہ مولانا امداد صابری کو منسوب ہوگا

نئی دہلی: عالمی یوم اردو کمیٹی کی ایک میٹنگ سینئر صحافی جلال الدین اسلم کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں ہر سال کی طرح اس سال بھی علامہ اقبال کے یوم پیدائش (9 نومبر، اُردو ڈے) پر خصوصی پروگرام کے دوران عالمی یوم اردو یادگار مجلہ شائع کرنے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر سینئر صحافی معصوم مرادآبادی کی اس تجویز کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا کہ اس برس کا مجلہ اردو صحافت کے محقق اور نامور ادیب مولانا امداد صابری کے نام منسوب ہوگا، جس میں ان کی حیات وخدمات پر اہم مضامین شائع کیے جائیں گے۔ اس مجلہ کی ترتیب وتدوین کی ذمہ داری بھی جناب معصوم مرادآبادی کو سونپی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مولانا امداد صابری اپنے دور کے سب سے بڑے محقق اور مصنف تھے، جن کی تصنیفات کی تعداد 100 کے آس پاس ہے۔ مولانا امداد صابری کا سب سے بڑا کارنامہ پانچ ضخیم جلدوں پر مشتمل ’تاریخ اردو صحافت‘ ہے، جو اردو صحافت کی تاریخ کے ذیل میں بنیادی حوالہ کا درجہ رکھتی ہے۔

یہ اطلاع آج یہاں عالمی یوم اردو کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سید احمد خاں نے دی ہے۔ اس کی مجلس ادارت میں معروف صحافی جاوید اختر اور محمد عارف اقبال بھی شامل ہوں گے۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.