ETV Bharat / international

رفح پیش کر رہا ہے تباہی کا منظر، شہر پر حملے کے لیے سرحد پر صیہونی فوج تعینات - Gaza War

author img

By AP (Associated Press)

Published : Apr 26, 2024, 8:52 AM IST

Updated : Apr 26, 2024, 9:14 AM IST

مصر کی سرحد پر واقع غزہ کے جنوبی شہر رفح پر فوجی کارروائی کے لیے اسرائیلی فوج تیاریاں کر رہی ہے۔ وہیں، شہر کے کئی علاقوں میں اسرائیلی فوج آگ برسا رہی ہے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

رفح، غزہ کی پٹی: غزہ کے جنوبی شہر رفح میں اسرائیلی جارحیت اپنے عروج پر ہے۔ یہاں اسرائیل نے اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔ صیہونی افواج کے تازہ حملوں میں معصوم بچوں سمیت متعدد فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔

  • رفح پر اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد ہلاک:

فلسطینی اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جمعرات کی رات ہونے والے حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، جن کی شناخت اسپتال کے ریکارڈ میں 6 سالہ شام نجار اور 8 سالہ جمال نبہان کے نام سے ہوئی ہے۔

وسطی غزہ میں اسرائیلی ٹینک کی گولہ باری سے چار افراد ہلاک ہو گئے، جن کی لاشیں اسپتال لائی گئیں۔ خاندان کے ارکان نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ وہ اس وقت مارے گئے جب انہوں نے شمالی غزہ جانے کی کوشش کی، جہاں اسرائیلی فوج لوگوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے سے روک رہی ہے۔

اسرائیل نے رفح پر تقریباً روزانہ فضائی حملے کیے ہیں، جہاں غزہ کی 2.3 ملین آبادی میں سے نصف سے زیادہ لوگوں نے جنگ سے بچنے کے لیے پناہ لی ہوئی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے 43 افراد کی لاشیں مقامی اسپتالوں میں لائی گئی ہیں۔ اسپتالوں میں 64 زخمیوں کو بھی لایا گیا۔

وزارت کی تازہ ترین رپورٹ، جو جمعرات کو جاری کی گئی ہے، اسرائیل اور حماس جنگ میں فلسطینیوں کی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 34,305 ہو گئی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ مزید 77,293 لوگ اسرائیلی حملوں میں زخمی ہوئے ہیں۔ اس نے کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد تقریباً دو تہائی ہے۔

ثبوت فراہم کیے بغیراسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے 13000 کے قریب عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔

اسرائیلی جارحیت نے غزہ کے دو سب سے بڑے شہروں کو تباہ کر دیا ہے۔ علاقے کی تقریباً 80 فیصد آبادی محصور ساحلی انکلیو کے دوسرے حصوں میں جبراً نقل مکانی کے لیے مجبور ہوئی ہے۔

  • غزہ کی سرحد پر اسرائیل کی فوجی گاڑیاں قطار میں کھڑی ہیں:

اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کی پٹی کے ساتھ اپنی سرحد کے ساتھ درجنوں ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو جمع کیا ہے جو سرحدی شہر رفح پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایک صحافی نے جمعرات کو رفح کے قریب واقع اسرائیل کی کریم شالوم کراسنگ کے قریب گاڑیوں کی نقل و حرکت دیکھی ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ چھ ماہ سے زیادہ کی جنگ کے بعد رفح غزہ میں حماس کا آخری گڑھ ہے۔ وسیع پیمانے پر بین الاقوامی مخالفت کے باوجود، وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے حماس کو تباہ کرنے کے اپنے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر مصر کی سرحد کے ساتھ واقع شہر پر حملہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

تقریباً 1.4 ملین فلسطینی، جو کہ غزہ کی آبادی کا نصف سے زیادہ ہیں، رفح میں داخل ہو چکے ہیں، جو جنگ سے بچنے کے لیے یہاں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ امریکہ سمیت عالمی برادری کو خدشہ ہے کہ اسرائیلی کارروائی سے شہریوں کو خطرہ لاحق ہو جائے گا اور بڑے پیمانے پر انسانی ہلاکتیں ہوں گی۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ رفح میں کسی بھی کارروائی سے قبل شہریوں کو نکالنے کا منصوبہ تیار کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

Last Updated : Apr 26, 2024, 9:14 AM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.